سوموٹو لینے کا اختیاراب بھی سپریم کورٹ کے پاس ہے،جسٹس مظہر

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)6 رکنی آئینی بنچ نے مزید مقدمات نمٹادئیے،کئی میں نوٹسز ،آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیخلاف درخواست سمیت 62 مقدمات سماعت کےلئے مقرر کر دئیے گئے۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بنچ نے دوسرے روزمختلف کیسز پر سماعت کی،سابق وفاقی محتسب یاسمین عباسی کےخلاف توہین عدالت کے معاملے پرآئینی بنچ نے وفاقی محتسب کو جواب کےلئے مہلت دےدی۔


بنچ کے سامنے انسداد دہشتگردی کے مقدمے پر ازخود نوٹس کیس پر سماعت ہوئی،وکیل درخواست گزار منیر پراچہ نے کہا مزید کارروائی کی ضرورت نہیں ، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد اب سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے ہی نہیں سکتی۔

جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے وکیل صاحب ترمیم کے بعد صرف پروسیجر تبدیل ہوا ،سپریم کورٹ اب بھی ازخود نوٹس لے سکتی ہے، فرق صرف یہ ہے اب ازخود نوٹس آئینی بنچ میں چلے گا اور بات ذہن نشین کر لیں سوموٹو لینے کا اختیاراب بھی سپریم کورٹ کے پاس ہے۔

عدالت نے وکیل کے دلائل کے بعد کیس نمٹا دیا،غیرملکی بینک اکاونٹس چھپانے اور لوٹی رقم کی ریکوری کیس میں ایف آئی اے اور ایف بی آر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کےلئے ملتوی کردی گئی۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بنچ نے کنونشن سینٹر کے نجی استعمال پر ازخود نوٹس کیس پر سماعت کی اوراٹارنی جنرل آفس سے جواب طلب کرلیا،اسلام آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی قیام کیس پر سماعت بھی ہوئی، عدالت نے فریقین کو آپس میں معاملات حل کرنے کی ہدایت کر دی،آئینی بنچ نے عدالتی ملازمین کو اپیل کا حق دینے کے معاملے پر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔

ایل پی جی کی قیمتیں مقرر کرنے کے کیس پر سماعت دسمبر کے دوسرے ہفتے تک کےلئے ملتوی کردی گئی،بنچ نے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے والے وکلا کو آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ اسلام آباد آنے کی ہدایت کردی،بینکنک آرڈیننس کے تحت اپیل ،الجہاد ٹرسٹ بنام وفاق کیس غیر موثر ہونے کے سبب نمٹا دیاگیا،آئینی بنچ نے ہیلتھ ورکرز کے سروس سٹرکچر پر تمام مقدمات یکجا کرکے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس پرسماعت ملتوی کر دی۔