سموگ کے تدارک کیلئے تمام تدبیریں ناکام، دکانیں بند کرانے کی آڑ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ کی دیہاڑیاں

لاہور (خبر نگار ) ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ عظمیٰ لاہور کی ناقص حکمت عملی کے سبب صوبائی دارالحکومت میں سموگ کے تدارک کےلئے جاری تمام تدبیریں ناکام، دکانیں رات 8 بجے تک بند کرانے کی آڑ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ نے دیہاڑیاں لگانا شروع کردیں۔ ”مشرق“ کو موصول ہونے والے تصویری حقائق سے معلوم ہوا ہے کہ جن کھانے پینے کی دکانوں اور دیگر کاروباروں سے رشوت کی آمدن اکٹھی ہو رہی ہے وہاں سرعام قانون کی دھجیاں اڑائی جار ہی ہیں، جبکہ رشوت نہ دینے والوں کو وقت سے قبل ہی بند کرا دیا جاتا ہے۔ ہیڈ کوارٹر کی جانب سے کیمپوں پر دو شفٹوں میں ڈیوٹی دینے والے سٹاف کو زونل سٹاف کوئی تعاون نہیں دے رہاجس کے باعث تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن بھی ناکامی سے دوچار ہے۔ افسر شاہد عباس کاٹھیا کے حکم پر شہر بھر میں تجاوزات سے جکڑی 74 سے زائد جگہوں پر 150 کے قریب اہلکار دن رات ڈیوٹی دے رہے ہیں مگر اس کے باوجو دبہتر نتائج برآمد نہ ہو سکے ہیں۔