پنجاب بھر میں اجتماعی توبہ، استغفار اور بارانِ رحمت کیلئے ” نمازِ استسقاء“کی ادائیگی

لاہور (اپنے نمائندے سے)محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام صوبہ بھر کے اہم دینی مراکز و مساجد میں اجتماعی توبہ، استغفار اور بارانِ رحمت کیلئے ” نماز ِ استسقاء“کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہررضابخاری نے جامع مسجد دربار حضرت شاہ چراغ میں ” نماز ِ استسقاء“ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کے تدارک کیلئے محراب و منبر مستعد ہے۔ سموگ کے عفریت سے جان چھڑانے اور باران رحمت کیلئے رب تعالی سے دعا کی گئی، رب کریم ہمارے بچوں،بزرگوں اور عورتوں کو سانس،گلے اور دیگر امراض سے شفایاب فرمائے، سموگ کی شدت روزمرہ امور کو شدید متاثر کر رہی ہے۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے پورا خطہ شدید متاثر ہوا ہے، حکومت پنجاب کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر اپنانے سے اثرات میں واضح کمی آئے گی، عوامی سطح پر آگاہی کیلئے منبر و محراب بھی اپنے فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں گے، آج نماز جمعہ کے بعد بھی صوبہ بھر کی جامع مساجد میں نماز استسقاءادا کی جائے گی، واضح رہے کہ اس وقت محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے پنجاب بھرکے اہم دینی مراکز و مساجد میں اجتماعی توبہ، استغفار اور بارانِ رحمت کیلئے ”نماز ِ استسقائ“ کی ادائیگی کا اہتمام کر رکھا ہے۔