کراچی ایئرپورٹ خودکش حملہ کیس،2ملزموں کاریمانڈ منظور

کراچی:(بیورورپورٹ)عدالت نے ایئرپورٹ خودکش حملے کے 2 ملزموں کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔

منتظم عدالت کے روبرو ایئرپورٹ خودکش حملہ کیس میں سی ٹی ڈی حکام نے گرفتار 2 ملزموں کو پیش کیا، تفتیشی افسر نے کہاتفتیش اور سی آر او کےلئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے،خود کش حملہ آور کو سہولت فراہم کی گئی، ملزموں کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی سے ہے، دہشتگردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکہ کیا،عدالت نے ملزم جاوید اور گل نسا کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیااورآئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی،محکمہ داخلہ سندھ کو ملزموں سے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم بھی دےدیا۔

دریں اثنا خودکش حملہ کرنیوالا دہشتگرد 3 دن کراچی میں گھومتا رہا، ویڈیو سامنے آگئی۔

فوٹیج میں دیکھا گیا شاہ فہد نامی دہشتگرد نے ساتھی خاتون کےساتھ 5 بجے حب ٹال پلازہ کراس کیا پھر رات 10 بجکر 33 منٹ پر صدر کے ہوٹل میں کمرہ لیا،دہشتگرد دوسرے دن صبح 10 بجکر 57 منٹ پر گاڑی میں ہوٹل سے نکلا، شاہ فہد نے صدر میں سونی سینٹر کراس کیا پھر صبح 11 بجکر 2 منٹ پر ایمپریس مارکیٹ سے رینبو سینٹر ، دوپہر 2 بجکر 22 منٹ پر ڈی ایچ اے فیز ون کے سگنل پر پہنچا،فوٹیج میںکورنگی سے اتحاد پر دہشتگرد کو جاتے دیکھا جاسکتا ہے پھرشام سوا 5بجے پٹرول پمپ کراس کرکے ائیرپورٹ پہنچا،6بجکر 29 منٹ پر دہشتگرد صدر زینب مارکیٹ پر دیکھا جاسکتا ہے،6 بجکر 31 منٹ پر واپس اپنے ہوٹل پہنچا، دہشتگردی کے روز شاہ فہد کو ہوٹل کاونٹر پر دیکھا جاسکتا ہے۔

ہلاک دہشتگرد دوپہر 12 بجکر 19 منٹ پر ہوٹل سے نکل کر پیراڈائیر ہوٹل ایٹریم اور آواری ٹاور سے شاہراہ فیصل آیا،سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس باغ جناح و دیگر جگہوں کے چکر لگاتا رہا پھر شام 4 بجکر 20 منٹ پر شاہراہ فیصل فیاض سینٹر کراس کیا جس کے بعد بہادرآباد حرمین شریفین ہوٹل کے باہر دہشتگرد کو دیکھا جاتا ہے،دہشتگرد شاہ فہد رات ساڑھے 9 بجے ائیرپورٹ پہنچا، ساتھی پیدل ائیرپورٹ میں داخل ہوا ، پینٹ شرٹ پہنے ساتھی دہشتگرد کو اوپر کھڑے دیکھا جاسکتا ہے،رپورٹ کے مطابق چینی قافلے کے نکلتے ہی اوپر موجود دہشتگرد نے فون پر شاہ فہد کو اطلاع دی، قافلہ جیسے ہی قریب پہنچا شاہ فہد نے خودکش دھماکہ کردیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دھماکہ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔