پارلیمان عوام کی آواز،عوامی مسائل حل کرنے کیلئے قوانین بنانا ذمہ داری ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر ملک احمد خان سے لاڈر لا کالج کے 40 رکنی وفد نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ اس دوران طلباءکو پنجاب اسمبلی کی کاروائی، کمیٹی سسٹم اور ایوان میں ہونے والی قانونی سازی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سپیکرملک احمد خان نے طلباءکو بتایا کہ پارلیمنٹ جمہوریت کا اہم ستون ہے اور قانون سازی کے عمل میں نوجوان نسل کا آگاہی حاصل کرنا ضروری ہے۔ پارلیمان عوام کی آواز ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے قوانین بنائیں۔سپیکر ملک احمد خان نے مزید کہاکہ قانون سازی کا عمل نہایت شفاف اور منظم ہوتا ہے جس میں ہر رکن کی شمولیت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے طلباءکو پنجاب اسمبلی کے کمیٹی سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ سسٹم مختلف موضوعات پر گہری تحقیق اور مباحثے کو فروغ دیتا ہے تاکہ بہترین قوانین بنائے جا سکیں۔اس دورے کا مقصد طلباءکو قانون سازی کے عمل سے آگاہ کرنا اور ان میں پارلیمانی فہم و ادراک پیدا کرنا تھا، تاکہ وہ مستقبل میں بہتر رہنمائی اور خدمت کے قابل ہو سکیں۔