دینی مدارس اسلام کے قلعے اورپاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں:صاحبزادہ حامد رضا

لاہور(اپنے نمائندے سے) وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان کی اہلیہ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے ختم چہلم کا اہتمام جامعہ علمیہ میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق و چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلام کے قلعے اور پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، پاکستان کی پہلی دفاعی لائن بھی مدارس ہی ہیں،ان کا تحفظ ہمارا قومی و مذہبی فریضہ ہے، اسلئے ہر صورت میں مدارس کا دفاع کریں گے، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے میں علماءو مشائخ کا بنیادی کردار ہے، اسکی حفاظت میں میرے والد گرامی ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید اور دیگر علماءو مشائخ کا خون شامل ہے۔اس وقت ملک میں قیامِ امن کیلئے علماءو مشائخ کو اسی جذبے اور کردار کی ضرورت ہے جو انہوں نے پاکستان بنانے کیلئے ادا کیا تھا۔ سربراہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ علماءو محققین کے علمی و تصنیفی اور تحریکی کاموں میں ان کی بیگمات کا بنیادی کردار ہوتا ہے، نیک صالح بیویوں کا فوت ہو جانا اسلام کا نقصان ہے ، اللہ تعالیٰ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے،سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ حضور اکرم کی حیات اقدس کے کٹھن مراحل پر آپ کی زوجہ سیدہ خدیجہ الکبریٰؓ نے اہم کردار ادا کیا اور اسلام کیلئے پر ہر قسم کی مشکلات برداشت کیں اسلئے انسان کی زندگی میں اس کی بیوی کا کردار اہم ہوتا ہے۔مفتی انتخاب نوری نے کہا کہ معاشرے میں رواداری کے فروغ میں محراب و منبر کا کردار کلیدی ہے۔ختم چہلم کی تقریب سے ناظم اعلیٰ نظام المدارس ڈاکٹر میرآصف اکبر، صدرسنی تحریک پنجاب مولانا مجاہد عبدالرسول،ممبر اسلامی نظریانی کونسل مفتی انتخاب احمد نوری،صوبائی خطیب اوقاف مولانا مختار احمد ندیم، پروفیسر راو¿ ارتضیٰ اشرفی، ڈاکٹر مفتی حسیب قادری،ڈاکٹر مفتی عمران انور نظامی،مفتی محمد امان اللہ شاکر فریدی، مولانا ارشد مصطفائی ،قاری محمد یونس قادری اور دیگر نے بھی خطاب کیا،ختم چہلم کی تقریب میں سینکڑوں علماءو مشائخ اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔