دوحہ،واشنگٹن:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امریکہ نے قطر سے حماس قیادت کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کردیا ،رائٹر کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے قطر کو واضح طور پر کہا دوحہ میں حماس کی مزید موجودگی قبول نہیں کیونکہ فلسطینی عسکریت پسند گروپ نے جنگ بندی ،یرغمالیوں کی رہائی کا تازہ ترین معاہدہ بھی مسترد کر دیا۔
امریکی عہدےدار نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی تجاویز کو بار بار مسترد کرنے کے بعد حماس رہنماوں کا اب کسی بھی امریکی اتحادی ملک کی دارالحکومتوں میں خیرمقدم نہیں ہونا چاہیے،واشنگٹن نے قطر سے کہا وقت آگیا ہے حماس کے سیاسی دفتر کو بند کرکے رہنماﺅں کو ملک بدر کیا جائے، حماس وفد کو ملک بدر نہ کیا گیا تو معمول کے مطابق کاروبار برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں نے بتایا قطر نے حماس سے کہا ہے 10دن کے اندر اندر دوحہ میں اپنا سفارتی دفتر بند کر دے،حماس 3رہنماوں نے قطر کی جانب سے ملک چھوڑنے کے مطالبے کی خبر کو مسترد کر دیا ،قطری وزارت خارجہ کی جانب سے بھی خبر کی تصدیق یا تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں قیام امن کےلئے سبکدوش بائیڈن انتظامیہ نے بھی رابطے تیز کردیئے ،امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا ،دونوںنے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کےلئے سفارتکاری کےساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا،امریکی حکام کے مطابق حالیہ رابطوں کا مقصد غزہ ،لبنان کےساتھ اسرائیل کے تنازعات کو ختم کرنے کے معاہدے تک پہنچنا ہے، انٹونی بلنکن تنازعات کے خاتمے کےلئے ڈیل تک پہنچنے کی حتمی کوشش کر رہے ہیں۔
قطر حماس کاسیاسی دفتر بند، قیادت کو ملک بدر کرے:امریکہ



















