چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی،بھارت نہ آیا تو اچھے کی امید نہ رکھے،محسن نقوی

لاہور(ایم این پی)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کےلئے نہ آنے کی تحریری اطلاع نہیں دی اگر بی سی سی آئی کو کرکٹ ٹیم بھیجنے پر اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے،میڈیا نہیں بھارتی حکومت ،کرکٹ بورڈ کے جواب کاانتظار ہے، ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات ہوئی نہ ہوگی، ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہوگا،انڈین میڈیا کئی ماہ سے دعویٰ کررہا ہے ٹیم پاکستان نہیں آئے گی مگر امید ہے بھارتی حکومت مثبت جواب دے گی،ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تو پھرپاکستان سے بھی اچھی امید نہ رکھے۔

قذافی سٹیڈیم میں تعمیراتی کاموں کاجائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہااپنی تیاریاں جاری رکھیں گے،ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں،چاہتے ہیں کرکٹ سیاست سے صاف ہو،بھارت نے انکار کیا تو حکومت سے رجوع کروں گا اور فیصلے پر عمل کریں گے۔