نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دیکر ویمن ٹی 20 ورلڈکپ کا پہلا ٹائٹل جیت لیا

دبئی (مشرق نیوز) آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 32 رنز سے شکست دیکر پہلی مرتبہ ٹی 20 ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں جنوبی افریقی ویمن ٹیم کی کپتان لورا وولوارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔

کیوی ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز اسکور کیے، نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپننگ بیٹر سوزی بیٹس نے 32، امیلا کر 43 اور بروکلے ہالیڈے نے 38 رنز سکور کئے،جنوبی افریقہ کی جانب سے بائیں ہاتھ کی گیند باز نونخولیکوملابا نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی اوپننگ بیٹرز نے پہلی وکٹ کیلئے 51 رنز کی شراکت داری قائم کی، لورا وولوارڈ نے 27 گیندوں پر 33 رنز اسکور کیے جبکہ تازمین برٹس 17 رنز بنا کر نمایاں رہی۔ تاہم بہترین آغاز کے بعد پروٹیز کی یکے بعد دیگرے وکٹوں نے ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا، اوپنرز کے بعد آنیوالی بیٹرز اینیک بوش 9، مارزین کیپ 8 اور ندین ڈی کلارک 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، یوں کیوی ٹیم کے باو¿لرز کی گھومتی گیندوں کے سامنے افریقی بیٹرز بے بس نظر آئیں اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 126 رنز بنا سکی۔

کیوی ٹیم کی جانب سے روزمیری مائر اور امیلا کر کی تباہ کن باو¿لنگ نے ٹیم کو ٹائٹل دلوانے میں اہم کردار ادا کیا، روز میری میر اور امیلا کر نے مجموعی طور پر 4 اوورز میں بالترتیب 25 اور 24 رنز کے عوض 3، 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ امیلاکر کو شاندار آل راونڈ کارکردگی دکھانے پر میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ خیال رہے کہ یہ کیوی ویمن ٹیم کا 2010 کے بعد پہلا ٹی ٹوئنٹی فائنل ہے، جس میں نیوزی لینڈ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔