علاقائی امن اور بحری استحکام کے فروغ کا عزم، پاکستان اور امریکی بحریہ کی بحیرہ عرب میں دو طرفہ مشقیں
کراچی (بیورو رپورٹ) امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس اوکین نے کراچی کا دورہ کیا اور بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس بابر کے ساتھ دو طرفہ مشقوں میں حصہ لیا۔ مشق کا مقصد باہمی تعاون کو بڑھانا اور علاقائی بحری امن کیلئے دونوں ممالک کی بحریہ کے مشترکہ عزم کا اظہار کرنا تھا۔دورے کے دوران یو ایس ایس اوکین کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل عبدالمنیب سے ملاقات کی جس میں دونوں بحری افواج کے مابین باہمی تعاون اور بحری آپریشنز کی ٹیکٹیکل مہارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ دورہ اور دو طرفہ مشقیں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ علاقائی امن اور بحری استحکام کے فروغ کیلئے پاک بحریہ کے عزم کی عکاس ہیں۔ یہ شراکت داری علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر انسداد دہشت گردی، قذاقی، منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر ثابت ہوئی ہے۔امریکی بحریہ کے جہاز کا دورہ پاکستان دونوں بحری افواج کے مابین بلعموم اور دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔



















