آئینی ترمیم کیلئے مکمل اتفاق رائے کے خواہشمند، پی ٹی آئی ملک دشمن جماعت کا کردار ادا کررہی ہے:گورنر پنجاب

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گزشتہ روز ساہیوال کا دورہ کیا اور پیپلز سیکرٹریٹ میں پیپلز پارٹی ورکرز کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور میڈیا سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نے ہٹ دھرمی نہیں چھوڑنی، وہ کھائی میں گرنے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سرگرمیاں ملک دشمن ہیں، عوام اس کا بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی عزت و وقار میں کمی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ملک دشمنی والی جماعت کا کردار ادا کررہی ہے اور ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر اجتماع کی دھمکی قابل مذمت ہے۔ سردار سلیم حیدرنے کہا کہ پیپلز پارٹی آئینی عدالت کیلئے مکمل اتفاق رائے چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ورکرز کو کھویا ہوا مقام دلایا جائے گا۔سابق پارلیمنٹرینز غلام فرید کاٹھیا، چوہدری سجاد الحسن، شہزاد سعید صمد اور ذکی چوہدری بھی پریس ٹاک میں موجودتھے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرنے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری عمل اور آئین کی پاسداری کیلئے جدوجہد کرنے والی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین عدالت کے قیام پر چارٹر آف ڈیموکریسی میں اتفاق کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو تمام سیاسی قوتوں کی حمایت کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں میں ججوں کی تعیناتی کا طریقہ کار تبدیل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ججوں نے آئین کی تشریح کی بجائے اپنا آئین لکھنا شروع کردیا اور خاص چیمبرز کے وکلاءکو جج تعینات کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ججز تعیناتی سے متعلق 18ویں آئینی ترمیم کو بحال کرایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے کسی ورکر سے زیادتی نہیں ہونے دیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ میرٹ اور عوام کی بھلائی کے لئے کام کیا اور پی پی پی ایک فیملی کی طرح ہے سب کو مل کر اس کیلئے کام کرنا ہے۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق کسان کو خوشحال بنایا جائے گا کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک بھی خوشحال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہا¶س کے دروازے پورے پنجاب کیلئے کھلے ہیں۔