پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال دشمن سوچ کی عکاس ہے، اتحادی حکومت کے رہنماوں کا اظہار مذمت

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومتی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے رہنماوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف دشمن کے ایجنڈے پر گامزن ہے، سب کچھ پلاننگ کے تحت ریاست کو کمزور کرنے کیلئے کیا جاتا ہے، تاہم شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے موقع پرکسی کو احتجاج کی اجازت نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں بیٹھا ایک شخص ملک کے خلاف سازش کررہا ہے، پی ٹی آئی والے ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، یہ لوگ ریاست کو بلیک میل کرکے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سوچ بس یہ ہے بانی پی ٹی آئی نہیں تو کچھ نہیں، ایک صوبے کی تمام مشینری اور وسائل استعمال کیے گئے، ایک ہفتہ پہلے بھی اس جماعت نے اسلام آباد پر یلغار کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں دہشت گردوں کو دوبارہ آباد کرایا، احتجاج کی کال پی ٹی آئی کی ملک دشمنی کا ثبوت ہے، ان کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، پی ٹی آئی انتشار پھیلانے سے باز نہیں آرہی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے کبھی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی، یہ لوگ شہدا کے جنازوں میں شرکت نہیں کرتے، بانی پی ٹی آئی کی سازش کے تانے بانے ملک دشمنوں سے ملتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کو افسوسناک اور ملک کیلئے نقصان دہ قرار دیدیا۔ انہوں نے تحریک انصاف کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے ہوئے پیغام دیا کہ اس وقت دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کررہی ہیں، ملک کی خاطر اکٹھے ہوکر آگے بڑھنا چاہئے۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے 15 اکتوبر کے دن احتجاج کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دن ڈی چوک پر احتجاج سے تحریک انصاف کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا کہ دنیا پاکستان کے مثبت اشاریوں کی تعریف کررہی ہے، ایس سی او کانفرنس پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے اور کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے ذریعے تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں، 9 ممالک کے سربراہان پاکستان آئیں گے پاکستان 15 اور 16 اکتوبر کو ایس سی او کی میزبانی کرےگا لیکن تحریک انتشار نے 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال دیدی۔