انٹرا پارٹی الیکشن کیس، پی ٹی آئی کی التوا درخواست تاخیری حربہ ہے، قاضی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) انٹرا پارٹی الیکشن نظر ثانی کیس میںچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے پی ٹی آئی کی جانب سے التوا مانگنا تاخیری حربہ ہے، کیس ملتوی کر دیتے ہیں مگر سچ تو بولا جائے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی کیس پر سماعت کی، پی ٹی آئی کی طرف سے کوئی وکیل پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس نے اظہار برہمی کیا،اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا ایڈووکیٹ حامد خان کی التوا درخواست آئی ہے،چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کیا التوا کی درخواست کا پیراگراف نمبر 2 پڑھیں ،حامد خان کی فیملی مصروفیت کے بارے میں پیراگراف پڑھا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کسی ناول التوا کی درخواست ہے،کیس 29 مئی کی مجوزہ کاز لسٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہونا تھا، ایڈووکیٹ علی ظفر کی 4جون تک عمومی التوا کی درخواست تھی، بنچ میں شامل ایک ممبر کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی، ڈھولچیوں نے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کو بلے کے نشان کا کیس بنا دیا، ڈھولچی پہلے عدالتی فیصلے کو پڑھیں پھر تنقید کریں، باہر جاکر پروپیگنڈا کریں لیکن عدالت نہ آئیں نامناسب ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا فیملی مصروفیت کے سبب التوا مانگنے کی درخواست پہلے کبھی نہیں دیکھی، فوتگی یا خرابی صحت کے سبب التوا ضرور مانگا جاتا ہے۔

جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیس میں تو بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیئے تھے؟،چیف جسٹس نے کہا دنیا بھر میں ایسا کہیں نہیں ہوتا اپنی مرضی کا بنچ یا تاریخ مانگی جائے، کسی کیلئے کوئی الگ قانون نہیں بناسکتے، ٹھیک ہے 10سال تک کیس نہیں چلانا چاہتے تو نہ چلائیں،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا یہ کوئی طریقہ کار نہیں کوئی جونیئر وکیل تک موجود نہیں ،چیف جسٹس نے کہا اب تو نظرثانی میں وکیل تبدیل کرنے کا قانونی حق بھی موجود ہے،واضح ہے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیںانہیںہیڈ لائن چاہیے تھی لیکن سپریم کورٹ ایسی کوئی ہیڈ لائن نہیں دے گی۔

چیف جسٹس نے اکبر ایس بابر کے وکیل سے پوچھا انٹرا پارٹی کیس کا فیصلہ کب ہوا تھا؟،وکیل نے کہا 13 جنوری کو مختصر فیصلہ دیا گیا، 25 جنوری کو تفصیلی فیصلہ جاری ہوا، عام انتخابات 8 فروری کو ہوئے ،نظرثانی 6 فروری کو دائر ہوئی،چیف جسٹس نے کہا مطلب ہے پی ٹی آئی کو آرڈر سے نقصان نہیں پہنچا؟ نظرثانی کی درخواست 29 مئی کی مجوزہ کاز لسٹ میں شامل تھی، بیرسٹر علی ظفر کی عمومی التوا درخواست4جون تک کیلئے آئی پھربنچ کی رکن جج کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی، نظرثانی کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی کوئی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی اب جب مقدمہ سماعت کیلئے مقرر ہوا تو کوئی نہیں آیا پھر باہر جاکر پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

بعدازاں عدالت نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہاایڈووکیٹ حامد خان نے التوا کی درخواست میں فیملی مصروفیت کا ذکر کیا ،درخواست میں صرف بتایا گیا فیملی مصروفیت ہے، کیا مصروفیت ہے نہیں بتائی گئی نہ ہی ایڈووکیٹ آن ریکارڈ خود پیش ہوئے،کیس میں حامد خان کے علاوہ نیاز نیازی، اجمل طور، بیرسٹر گوہر بھی وکیل ہیں،حامد خان دستیاب نہیں تھے تو کوئی اور وکیل پیش ہوسکتا تھا،حکم نامے میں کہا گیا پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت اب قانون نے نظرثانی میں وکیل تبدیلی کا حق بھی دے رکھا ہے، کیس میں آئندہ مزید التوا نہیں دیں گے، انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کی جاتی ہے،عدالت نے حکم نامے کی نقل وکلا کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی۔