بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کسی سے ملنے نہیں دیا جا رہا: ہمشیرہ نورین خان

اسلام آباد (مشرق نیوز) بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں قید کیا ہوا ہے کسی سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نورین خان نے کہا کہ ہم اس وجہ سے پریشان ہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اس ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں، امید نہیں تھی ہمارے ساتھ ایسا سلوک ہو گا۔ نورین خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ایسے ڈالا ہوا ہے جیسے وہ کوئی مجرم ہے۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے ملاقات نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

سلمان اکرم راجہ، فیصل چوہدری، خالد یوسف سمیت وکلا کی 5 رکنی ٹیم کے ذریعے درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں چیف کمشنر اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بھائی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی جائے، بانی پی ٹی آئی سے جیل میں وکلا اور فیملی ممبران کی ملاقات کا حکم دیا جائے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ پٹیشنر اور دیگر فیملی ممبرز کی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کرانے سے انکار کر رہے ہیں، معلوم ہوا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سے بنیادی سہولتیں واپس لیکر خراب صورتحال میں رکھا ہوا ہے۔