پوپ کی غزہ جنگ میں سفارتکاری کی شرمناک ناکامی پر تنقید

ویٹی کن سٹی (مشرق نیوز) پوپ فرانسس نے پیر کو 7 اکتوبر کے حملے کی پہلی برسی کے موقع پر شرقِ اوسط میں تنازعات ختم کرنے کیلئے عالمی طاقتوں کی شرمناک نااہلی پر تنقید کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق شرقِ اوسط میں کیتھولک کے نام ایک کھلے خط میں انہوں نے کہاکہ ایک سال پہلے نفرت کا الا روشن کیا گیا تھا،یہ بجھا نہیں بلکہ تشدد کے ایک پرپیچ مرغولے کی شکل میں پھٹا اور اس کی وجہ ہتھیاروں کو خاموش کرنے اور جنگ کا المیہ ختم کرنے میں بین الاقوامی برادری اور طاقتور ترین ممالک کی شرمناک نااہلی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ خون اب بھی بہہ رہا ہے اور اسی طرح آنسو۔ غصہ اور اس کے ساتھ انتقام کی خواہش بڑھ رہی ہے جبکہ ایسا لگتا ہے کہ بہت کم لوگ اس بات کی پرواہ کرتے ہیں کہ کس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اور کیا مطلوب ترین ہے، بات چیت اور امن۔اپنے خط میں دنیا کے تقریباً 1.4 بلین کیتھولک افراد کے رہنما نے خطے میں پیروکاروں کے ایک چھوٹے، بے کس ریوڑسے 7 اکتوبر کے موقع پر اظہار یکجہتی کیا جسے انہوں نے اس افسوسناک دنکا نام دیالیکن پوپ نے شرقِ اوسط میں جنگی جنون کا شکار ہر عقیدے اور مذہب کے مرد و خواتین سے یہ بھی کہا کہ میں آپ کے قریب ہوں، میں آپ کے ساتھ ہوں۔انہوں نے مزید کہا، میں آپ کے ساتھ ہوں جن کی کوئی آواز نہیں ہے کیونکہ تمام تر منصوبوں اور حکمت عملی کی باتوں کے باوجود جنگ کی تباہ کاریوں کا شکار افراد کی کوئی فکر نہیں ہے جو طاقتور دوسروں پر مسلط کرتے ہیں۔ پھر بھی وہ خدا کے اٹل فیصلے کے تابع ہوں گے۔