پولیس اہلکار کے قتل سمیت عمران ،گنڈا پور پر مزید مقدمات درج

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) پولیس اہلکار کے قتل سمیت عمران ،گنڈا پور پر مزید مقدمات درج کرلیے گئے۔

مقدمے میں اقدام قتل، اغوا، اور دہشتگردی سمیت 12 دفعات شامل کی گئیں جبکہ بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور، اعظم سواتی، بیرسٹر سیف، عمر ایوب اور عامر مغل کےساتھ ساتھ 500 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ،ایف آئی آر کے متن کے مطابق عامر مغل نے شرکا کے ساتھ ملکر کانسٹیبل عبد الحمید کو زبردستی پکڑا اور ان پر لاتوں، مکوں، ڈنڈوں اور پتھروں سے تشدد کیا، پھر عامر مغل اور ساتھی پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے عبد الحمید کو اغوا کر کے لے گئے اور بڈھانہ لنک روڈ پر بے ہوشی اور زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے، عبد الحمید کو زخمی حالت میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جاں بحق ہوگئے۔

علاوہ ازیںسابق وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، اعظم سواتی کےخلاف تھانہ سنگجانی میں ایک اور مقدمہ درج کیا گیا،نامزد قیادت کے علاوہ 2000 سے 2500 نامعلوم کارکنوں بھی مقدمے میں شامل کیے گئے ،تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں دہشت گردی سمیت 12 دفعات شامل ہیں،پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کےخلاف نئے مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، اغوا، ڈکیتی، دہشت گردی، اقدام قتل، سرکاری اسلحہ چھیننے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل میں دی گئی سہولیات کا ناجائز استعمال کیا، عمران خان کے اکسانے پر علی امین گنڈاپور نے وزیر اعلیٰ ہونے کے ناتے سرکاری وسائل کا غلط استعمال کیا اور اعظم سواتی نے مظاہرین کی مالی معاونت کی،مقدمے میں مزید کہا گیا ہے مظاہرین نے2 عدد 12 بورگن، 12 اینٹی رائٹ کٹس، 2 وائرلیس سیٹ، 5 عدد ٹیئر گیس شیل چھینی، مظاہرین نے پولیس پارٹی پر قتل کی نیت سے فائرنگ بھی کی، جس پر پولیس اہلکاروں نے درختوں کے پیچھے چھپ کر جان بچائی۔

دوسری جانب راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے لیاقت باغ احتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی کے 25 رہنماو¿ں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے

رہنماﺅں میں عامرمغل، عالیہ حمزہ، شہریار ریاض، کرنل اجمل صابر راجہ، راشد حفیظ اور چودھری امیرافضل سمیت دیگر شامل ہیں،عدالت نے ملزمان کوگرفتار کر کے 21 اکتوبرکوعدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا

علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر وکلا نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا۔

مزید برآں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ کے نئے کیس میں فرد عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر ملتوی کردی گئی،سینئر جج سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ کے نئے کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں کی، عدالت نے بغیر کارروائی کیس کی سماعت21 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

دریں اثناءانسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 2 روز کی توسیع کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں تھانہ کوہسار میں درج دہشت گردی کے مقدمے کی سماعت ہوئی،پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا۔

جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے فیصلہ محفوظ سناتے ہوئے دونوں خواتین کے جسمانی ریمانڈ میں2 روز کی توسیع کردی۔

ادھر انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ9 مئی کے مقدمات میں عمر ایوب، اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی،اے ٹی سی لاہور میں سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی،اس موقع پر عمر ایوب، اسد عمر، علیمہ خانم، عظمی خان، حافظ فرحت، اعظم سواتی، بلال اعجاز، علی امتیاز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع کا حکم دےدیا۔

جبکہ لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی نظر بندی ختم کرکے رہا کرنے کا حکم دےدیا،لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جسٹس وحید خان نے زرتاج گل کی نظربندی کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے،وکلا کے دلائل سننے کے بعد جسٹس وحید خان نے زرتاج گل کی نظر بندی فوری ختم کرنے اور رہائی کا حکم دےدیا۔