عمران خان، خالدہ ضیا کی طرح رہائی چاہتے تھے لیکن ناکام ہوگئے: عظمیٰ بخاری

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی، خالدہ ضیا کی طرح رہائی چاہتے تھے لیکن وہ ناکام ہو گئے،تحریک انصاف کے اسلام آباد احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے پریس کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے کہا ایک طرف افراتفری، فتنہ فساد اور نیا بنگلا دیش بنانے کی سازش ہورہی تھی تو ہم عوام کو گھر دے رہے تھے، 12 سال سے خیبر پختونخوا کے وسائل وفاق پر چڑھائی کےلئے استعمال ہو رہے ہیں، شاندانہ گلزار پاکستان کے خلاف بیان بازی کرتی ہیں، غلیلوں اور اسلحہ کے ساتھ غنڈہ پور نے تقاریر کیں، اسلام آباد پولیس نے 120 افغان باشندوں کو پکڑا، ایک کانسٹیبل شہید ہوگیا، اس کا کیا قصور تھا؟، جو بچے یا جو لوگ احتجاج کےلئے لائے گئے، انہوں نے جب دیکھا انہیں مرنے مارنے کےلئے لایا گیا تو پھر وہ واپس چلے گئے، عالیہ حمزہ کی آڈیو میں صاف سنا جا سکتا ہے وہ ناکام ہوگئے، پی ٹی آئی یوٹیوب ونگ کا صدر صدیق جان بھی بلبلا رہا ہے، گنڈاپور کو گالیاں دینے کا کوئی فائدہ نہیں، گنڈاپور کا جان بوجھ کر اغوا کا ڈرامہ کیا گیا،صوبائی وزیر نے کہا پرامن احتجاج کے لوگ اسلحہ غلیلوں کےساتھ آئے، کیا سیاسی جماعتیں ایسے آتی ہیں؟، پی ٹی آئی کے جلسے میں کیا میرے ملازم تھے؟، پی ٹی آئی ورکرز نے پولیس اہلکار کی وردی اتروائی پھر خود پہن کر تصاویر بنوائیں، یہ توہین ہے، پولیس کی 10 گاڑیاں، 441 سیف سٹی کیمرے توڑے گئے تاکہ ریکارڈ نہ ہو سکے، شکلیں دیکھی جا سکیں، اسی طرح 32 موٹر سائیکلیں بھی جلائی گئیں، گنڈا پور اچانک کے پی اسمبلی میں نمودار ہوتاہے، آئی جی اسلام آباد کو دھمکیاں دیتا ہے اگر ہمت تھی تو کے پی ہاو¿س میں نہ چھپتے، عظمیٰ بخاری نے مزیدکہا خیبر پختونخوا کے لوگ گریبان پکڑیں اور پوچھیں نجاب جیسی ترقی ان کے صوبے میں کیوں نہیں ہو سکتی؟، یہ بنگلا دیش والاانقلاب لانا چاہتے تھے، پی ٹی آئی والوں نے شیخ مجیب کا حشر بھی دیکھ لیا، انہوں نے ریاست کے خلاف بغاوت کی کوشش کی، بلوائیوں کو بغاوت کی سزا ملنی چاہیے،اڈیالہ میں بیٹھ کر ملک میں آگ لگانے کی پلاننگ ہوتی ہے، جو اچھی بات کرے اس کا منہ بند کرا لیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی خالدہ ضیا کی طرح رہائی چاہتے تھے لیکن وہ ناکام ہو گئے، بانی پی ٹی آئی پر پابندی لگا دینی چاہیے، گنڈاپور کے ہاتھوں میں اے کے فورٹی سیون نظر نہ آئی، انہوں نے تو بیلچہ پکڑا ہوا تھا۔