سٹیٹ بینک تاجروں کیلئے سہولیات کی فراہمی، مسائل کا فوری حل یقینی بنائے:صدر لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے چیف منیجر سٹیٹ بینک آف پاکستان طارق ریاض سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کہا ہے کہ حکومت اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کاروباری برادری کیلئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ یہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرسکے۔ اس موقع پر موجودہ اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ وفاقی شریعہ کورٹ کی جانب سے2027تک ملک میں کنونشنل بینکنگ کوشریعہ کمپلائنٹ یعنی اسلامک بینکنگ میں تبدیل کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جو خوش آئند قدم اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ٹیکسیشن پر خصوصی کام کررہا ہے جبکہ حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ معیشت کو ڈیجیٹائز کریں۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ حکومت فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق تاجر برادری کے تحفظات دور کرے ۔ انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر بھی زور دیا کہ نظام خودکار بنائے اور ایل سیز کھولنے کے سلسلے میں بینکوں کی اجارہ داری ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے اس حوالے سے خدشات دور کئے جائیں اور کمرشل بینک پوری طرح سٹیٹ بینک آف پاکستان کے کنٹرول میں ہونے چاہئیں۔ میاں ابوذر شاد نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے چیف منیجر پر زور دیا کہ وہ تمام بینکوں کو لاہور چیمبر کے ممبران سے بھرپور تعاون کی ہدایت کریں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے خاص طور پر خواتین انٹرپنیورزاور ایس ایم ای سیکٹر کے لئے فنانس تک رسائی آسان بنانے کیلئے کاوشیں اور اس ضمن میں ورکنگ کیلئے کمرشل بینکوں کو ہدایت کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے سٹیٹ بینک کی جانب سے سرفہرست پانچ بینکوں کے ملک بھر میں بینک کیاسک کا آغاز کرنے کے قدم کو بھی سراہا۔ انہوں نے سٹیٹ بینک کو لاہور چیمبر میں آگاہی سیشنز منعقد کرنے کی دعوت بھی دی۔ چیف منیجر سٹیٹ بینک آف پاکستان طارق ریاض نے لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد و دیگر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ بینک کا لاہور چیمبر کے ساتھ ہمیشہ بہت مضبوط رابطہ رہا ہے۔ لاہور چیمبر کے ممبران کیلئے آگاہی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دس اکتوبر کو ایس ایم ایز پر پروگرام کررہے ہیں جبکہ کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین پر بھی خصوصی فوکس ہے۔ انہوں نے ایس ایم ایز، زراعت، اسلامی بینکنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کیلئے فنانشل پروگرام پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ طلبا میں فنانشل لٹریسی بڑھانے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی کوششوں سے نویں اور دسویں جماعتوں کے نصاب میں مضامین شامل کیے گئے ہیں۔