کراچی حملے کی مذمت کرتے ہیں، چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) دفتر خارجہ نے کراچی میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے چین کے ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، واقعہ پر چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، حملے میں 2 چینی انجینئرز کی جانیں گئیں اور ایک زخمی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائی پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر حملہ ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں، سہولت کاروں کو پکڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی، حملے میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملے گی۔ ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو پکڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، مجید بریگیڈ سمیت اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم چینی اور پاکستانی دونوں متاثرین کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ ملکر کام کرتا رہیگا، قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں، وزارت خارجہ ہم آہنگی اور سہولت کیلئے چینی سفارتخانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کی حفاظت اور سلامتی کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔