واشنگٹن:(خواجہ فاروق)امریکہ نے بلاول بھٹو کے بیان کانوٹس لیتے ہوئے کہاہے سیلابی امداد کی نگرانی کرتے ہیں،غلط استعمال ثابت ہونے پر روک دیں گے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا امریکہ بلاول بھٹو کے 400 ملین ڈالر کی سیلابی امداد کے غلط استعمال کے الزامات کو سنجیدگی سے لیتا ہے نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا میں جہاں بھی امریکی ٹیکس دہندگان کے ڈالرز استعمال ہوتے ہیں اور جہاں فوری انسانی مفادات کو خطرہ لاحق ہوتا ہے امریکہ ایسے معاملات کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے،میتھیو ملر نے کہاسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور یو ایس ایڈ کے پاس امداد کے استعمال کے طریقہ کار کی نگرانی ،جائزہ لینے کےلئے سخت نظام موجود ہیںاگر امداد غلط استعمال ہوئی تو روک دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا اسرائیل لبنان میں شہریوں پر حملے بند کرے،لبنان میں شہریوں یا انفراسٹرکچر پر حملے نہیں دیکھنا چاہتے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، قیام امن کےلئے کوششیں کررہے ہیں، حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے سے انکار کیا،جی سیون ممالک جلد ایران پر پابندیاں عائد کریں گے۔
بلاول کے بیان کانوٹس،سیلابی امداد کی نگرانی ،غلط استعمال پر روک دینگے:امریکہ



















