لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انو رنے کہاکہ پولیس فورس ایک فیملی ہے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ ماتحت سٹاف کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے مسائل کا ازالہ کرکے ہی ہم ان سے بہتر کارکردگی حاصل کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے بروقت احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام درخواستوں پر فوری ایکشن سے ملازمین اور انکے اہلخانہ کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے، سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کو درپیش مسائل کے ازالے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس دھاتی ڈور و پتنگ بازی سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے صوبہ بھر میں ان ایکشن ہے اور لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت کریک ڈاو¿ن بلا تعطل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں کریک ڈاون کے دوران 11787 ملزمان گرفتار ہوئے جن کے خلاف 11177 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضے سے 34 ہزار دھاتی ڈوریں و چرخیاں اور 5 لاکھ سے زائد پتنگیں برآمد ہوئیں، صوبائی دارالحکومت میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کریک ڈاون 2633 ملزمان کوگرفتار کرتے ہوئے 2570 مقدمات درج کئے گئے، لاہور میں ملزمان کے قبضہ سے 2301 چرخیاں اور 50 ہزار سے زائد پتنگیں برآمد کی گئیں۔
سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کو درپیش مسائل کا خاتمہ یقینی بنائیں :آئی جی پنجاب



















