راولپنڈی، لاہور (بیورورپورٹ+ کورٹ رپورٹر) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے اسرائیل کے حوالے سے میرا موقف آج بھی وہی ہے کہ فلسطین میں لوگوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، اسرائیلی آرٹیکل میں میری تعریف کی گئی ہے لگتا ہے ان لوگوں کو انگریزی سمجھ نہیں آتی؟،اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کل سے پروپیگنڈا جاری ہے اور اسرائیلی اخبار کا حوالہ دیا جا رہا ہے کہ میں اسرائیل سے تعلقات کا سب سے بڑا حامی ہوں، اسرائیل کے حوالے سے میرا موقف آج بھی وہی ہے کہ فلسطین میں لوگوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، پہلے سیز فائر کیا جائے پھر ہی بات چیت ہوسکتی ہے، پہلے دوریاستی حل کی جانب جائیں پھر بات چیت ہوگی،شہباز شریف کا بیان آیا ہے اچھے بچے بنو مل کر رہو تاکہ ملک ترقی کرے، شہباز شریف سن لو امن انصاف سے آتا ہے مگر یہاں الیکشن میں ڈاکہ مارا گیا اور9 مئی کے واقعات میں کارکنوں کو جیل میں ڈالا گیا اور کوئی تحقیقات ہی نہیں ہو رہی جب تک انصاف نہیں ہوگا ملک میں امن نہیں ہوگا آپ جو ترامیم کرنے جا رہے ہیں ان سے کیا امن آئے گا؟،ادھر ایف آئی اے نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کےخلاف نئے توشہ خانہ کیس کا سپلیمنٹری چالان تیار کرلیا،ابتدائی چالان کے مطابق چالان میں تعزیرات پاکستان اور پریوینشن اف کرپشن ایکٹ 409 ،109 اور پی سی اے 1947ءکی دفعات شامل کی گئی ہیں، چالان میں 24 گواہان کی حتمی فہرست بھی شامل ہے،گواہان میں سابق ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر احمد، سابق ڈپٹی ملٹری سیکرٹری کرنل ریحان محمود بھی شامل ہیں، حاصل شواہد سے ثابت ہوتا ہے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ نے سعودی عرب سے ملنے والے جیولری سیٹ میں خورد برد کی، بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ کےلئے جیولری سیٹ انتہائی کم قیمت پر توشہ خانہ سے حاصل کیا، ملزمان نے ریاست کو ملنے والے تحائف میں خیانت کی اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا،چالان میں کہا گیا ہے بانی پی ٹی آئی نے 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار3سو روپے کا فائدہ حاصل کیا، گواہان کے بیانات دفعہ 161کے تحت ریکارڈ کئے گئے،ایف آئی اے نے کہا ہے عمران خان اور بشریٰ کےخلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، شواہد سے واضح ہوا ہے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار پائے، غیر قانونی ذرائع اور کرپشن سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ نے مالی فائدہ حاصل کیا، بانی پی ٹی آئی نے اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرتے ہوئے کم قیمت پر بلغاری سیٹ حاصل کیا عدالت گواہوں کو طلب کر کے ٹرائل آگے بڑھائے،دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن سے دلائل طلب کرلیے،انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ، جج ارشد جاوید نے چار ضمانتوں پر سماعت کی،سپیشل پراسیکیوٹر نے ضمانتوں پر دلائل کیلئے مہلت طلب کی ، عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسکیوشن سے دلائل طلب کر لیے،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں پر سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔
فلسطین کے دو ریاستی حل کے بعد ہی اسرائیل سے بات چیت ہوسکتی ہے: عمران خان



















