سوات، اسلام آباد، کوئٹہ، بارکھان: (مانیٹرنگ ڈیسک+ مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) سوات میں سفارتکاروں کے سکیورٹی قافلے پر بم حملہ، پولیس اہلکار شہید، 3 زخمی، تمام سفیر محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق روس، ایران، پرتگال، انڈونیشیا، تاجکستان، قازقستان اور ایتھوپیا کے سفیر چیمبر آف کامرس مینگورہ کی تقریب میں شرکت کے بعد مالم جبہ جا رہے تھے، سکیورٹی قافلے میں شامل پولیس موبائل کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس وین 10 سے زائد ممالک کے سفیروں کی سکیورٹی قافلے میں شامل تھی، تمام سفیر محفوظ رہے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہاسفارتکاروں کے سکیورٹی قافلے پر حملہ سوات، مالم جبہ سے اسلام آباد واپس آتے ہوئے ہوا، پولیس وین پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا۔ پولیس اہلکار نے جام شہادت نوش کیا، تمام سفارتکار بحفاظت اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔
دفتر خارجہ نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت اور حملے میں زخمی 3 اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ واقعات دہشت گردی کےخلاف عزم کمزور نہیں کرسکتے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردوں کے سامنے ثابت قدم رہتے ہیں۔
ادھر ژوب میں دہشت گردوں کی ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر انسداد دہشت گردی فورس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ سے اے ٹی ایف کے 3 اہلکار شہید ہوگئے، سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شہدا کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کردی۔
مزید برآں خاران میں سکیورٹی فورسز کے قریب دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید برآں بارکھان میں مسلح افراد کےساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 5 حکومتی رضاکار شدید زخمی ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اچڑی کے مقام پر پیش آیا، زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مسلح افراد نے اچڑی کے مقام پر موبائل ٹاور کو نشانہ بنایا، موبائل ٹاور کو فائرنگ کے بعد نذرآتش کرکے تباہ کردیا گیا۔
سوات، سفراءکے سکیورٹی قافلے پر حملہ، سفارتکار محفوظ ،پولیس اہلکار شہید، 3 زخمی



















