پی ٹی آئی فتہ الخوارج میں شامل ہوچکی ، قوم نے مسترد کردیا: رانا تنویر

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فتنہ الخوارج میں شامل ہوچکی ہے اور قوم نے اس کی حقیقت کو سمجھتے ہوئے مسترد کردیا ہے،انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب یہ فتنہ مکمل دفن ہوگا اور ملک ترقی کریگا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا احمد عتیق انور، لیگی رہنما رانا طاہر اقبال، رانا ماجد نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم عوامی مفاد کا معاملہ ہے جسے سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت آج کا نہیں پچیس، تیس سالہ پرانا مطالبہ ہے اور ملک کی تمام وکلاءتنظیمیں اور خود پی ٹی آئی بھی اس کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت آئینی ترامیم پر اعتراض دور کرنے کیلئے تیار مگر بلا جواز مخالفت کی پرواہ نہیں۔ایک سوال پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کریمنل قماش کا شخص ہے جو کبھی شہد کی بوتل اور کبھی گالم گلوچ جیسی حرکات میں ملوث رہا ہے جسے دیکھتے ہوئے قوم نے انہیں مسترد کرنا شروع کر دیا ہے۔رانا تنویر حسین کہا کہ جس صوبے کا وزیر اعلیٰ خود کلاشنکوف اٹھا کر تشدد پروان چڑھائے وہاں امن کی توقع نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بیانیہ ملک، قوم، ریاست کیلئے نہیں بلکہ صرف مجرم بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکلوانا ہے۔ علی امین گنڈا پور کے افغانستان سے بات چیت کے دعوے پرافغان حکومت کامو¿قف علی امین گنڈا پور کے منہ پر جوتے کے مترادف ہے۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوارنے کہا کہ چیف جسٹس کے رجسٹرار سے سوالات درست ہیں اور متعلقہ ججوں کو عدالتی تاریخ کے انوکھے کیس کا جواب دینا چاہیے۔انہوں کہا کہ دنیا کے تمام ادارے پاکستان کی معاشی ترقی ظاہر کررہے ہیں اور مہنگائی 38 فیصد سے سنگل ڈیجٹ پر آچکی ہے جس میں آئندہ دو تین ماہ بعد مزید کمی ہو گی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دن رات کی محنت رنگ لانے والی ہے اور آئندہ سال ملک میں بیروزگاری میں نمائیاں کمی اور ملکی خوشحالی کا سال ہو گا۔