اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا معاملہ زیرغور ہے یا نہیں؟ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے واضح جواب طلب کرلیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملٹری تحویل میں نہ دینے کےلئے دائر درخواست پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے کہااعلیٰ حکومتی عہدیداروں کی جانب سے عمران خان کو ملٹری تحویل میں لینے کے بیانات دئیے گئے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے تمام سیاسی بیانات ہیں اور کچھ نہیں،وکیل نے جواب دیا اگر سیاسی بیانات ہیں تو میری لیے اور آسانی ہوگی،عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ سے حکومت سے معلومات لینے کی ہدایت کردی۔
وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا اعلیٰ عسکری حکام، ڈی جی صاحب نے بھی بیان دیا ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا انہوں نے جو کہا وہ بھی سیاسی بیان ہے، وکیل نے کہا اگر سیاسی بیانات ہیں تو سر آپ آرڈر میں لکھیں،بعد ازاں عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا۔
وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر جسٹس میاں حسن گل اورنگزیب نے ریمارکس دئیے وزرا کی طرف سے عمران خان کے ملٹری ٹرائل کی دھمکی دی گئی، عمران خان سویلین ہیں، سویلین کا ملٹری ٹرائل درخواست گزار اور عدالت کےلئے باعث فکر ہے، درخواست گزار کے وکیل کہتے ہیں ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے بیان آیا اگر ایسا ہے تو فیڈریشن کی طرف سے واضح موقف آنا چاہیے،ہم کہہ دیں ابھی کچھ نہیں، کل آپ ملٹری ٹرائل کا آرڈر لے آئیں تو پھر کیا ہو گا؟ وفاقی حکومت سے ہدایات لےکر پیر کو واضح آگاہ کریں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا استدعا ہے پہلے درخواست پر عائد اعتراضات کا فیصلہ کر لیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر رہا ہوں، سپریم کورٹ کا فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل پر فیصلہ موجود ہے، جواب دیں کیا عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا معاملہ زیرغور ہے؟ اگر ایسا کچھ نہ ہوا تو درخواست غیر مو¿ثر ہو جائے گی اگر ایسا کچھ زیرغور ہوا تو پھر کیس سن کر فیصلہ کریں گے،بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 16 ستمبر تک وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
عمران کے ملٹری ٹرائل کا معاملہ زیرغور ہے یا نہیں؟ حکومت واضح جواب دے،جسٹس میاں گل حسن



















