رکن کانگریس الگرین کا پاک، امریکہ تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ہے :رضوان سعید شیخ

واشنگٹن (خواجہ فاروق) امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے گزشتہ روز حکومت پاکستان کی جانب سے رکن کانگریس الیگزینڈر الگرین کو ستارہ خدمت کے اعزاز سے نوازا ہے ۔ یہ اعزاز ان کو پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے ، پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے ان کی خدمات کے اعتراف میں عطا کیا گیا ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ اس خصوصی تقریب میں کانگریس مین رینڈی ویبر، رکن کانگریس ہنری سیلر، سابق رکن کانگریس نک لیمپسن، ٹیکساس سٹیٹ کے نمائندے سلیمان لالانی، سفارتکاروں اور ٹیکساس اور ڈی ایم سی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے سرکردہ افراد شریک تھے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے اپنے کلمات میں کہا کہ ہم آج یہاں ایک غیرمعمولی شخصیت کی خدمات کے اعتراف میں جمع ہوئے ہیں جس کی بدولت پاکستان اور امریکہ کے تعلقات نمایاں طور پر مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے رکن کانگریس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف فورمز پر پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے کیلئے آپکی انتھک کوششوں نے یقیناً ہمارے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد رکن کانگریس کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ الگرین نے نہ صرف مشکل ترین وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کا سفر کیا بلکہ انہوں نے واپسی پر پاکستان کی بروقت مدد کیلئے کانگریس میں بھرپور وکالت کی۔ انہوں نے کہا کہ رکن کانگریس نے اس مشکل وقت میں امیر ممالک کے سامنے پاکستان کی معاونت کیلئے آواز اٹھا ئی جو انصاف اور مساوات کیلئے انکی حقیقی تشویش کا مظہر ہے۔ رکن کانگریس نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ا س اعزاز کو دو عظیم اقوام کے درمیان دوستی کے رشتے کا تسلسل سمجھتے ہیں۔ اپنے دورہ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اس لئے گیا تھا کیونکہ پاکستان کو ضرورت تھی اور پاکستان کے لوگ جنہیں میں اپنے خاندان کا حصہ سمجھتا ہوں، تکلیف میں تھے۔ پاکستانی معاشرے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رکن کانگریس الگرین نے کہا کہ ہمیں پاکستانی اور امریکہ کے عوام کے درمیان کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان بہت سی چیزیں مشترک ہیں اور ایک دوسرے کیلئے ہماری ضروریات بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ خواہش ہے کہ ہم عوامی تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔ رکن کانگریس کی انسانی ہمدردی کے حوالے سے خدمات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سفیر پاکستان نے خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے بھی ان کی گرانقدر خدمات اور پاکستان انڈیورنگ اسسٹنس اینڈ کوآپریشن انہانسمنٹ ایکٹ 2009 جیسے اہم قانون سازی کے اقدامات کیلئے انکی خدمات کوسراہا۔ سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشترکہ نظریات پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے امن کو فروغ دینے، اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے متعدد محاذوں پر تعاون کیا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ہمارے عوام کے مضبوط روابط ہماری شراکت داری کی طاقت ہیں اور کانگریس مین الگرین نے اس اہم بندھن کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔