پولیس صوبہ بھر میں خطرناک مجرموں کی سرکوبی کیلئے مصروف عمل ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ دوران اجلاس آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیر التوا چالانوں، روڈز سرٹیفکیٹس کی تکمیل میں پیش رفت کا جائزہ لیا،آئی جی پنجاب نے زیرالتوا روڈ سرٹیفکیٹس اور چالانوں کی تکمیل کے ٹارگٹ میں بہتری پر اطمینان کا اظہارکیا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو پینڈنگ روڈ سرٹیفکیٹس اور چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع کروانے کی ہدایت کی۔دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس سے ایکسی لینس ان پرفارمنس ایوارڈ حاصل کرنے پرمبارک باد دی ہے۔ امریکی شہر شکاگو میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس سے عالمی ایوارڈ حاصل کرنے والی ایس ایس پی رفعت بخاری نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایس پی رفعت بخاری کو محکمہ پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پبلک سروس ڈلیوری کی مد میں عالمی اعزازات حاصل کرنے والے پولیس افسران ہمارا فخر ہیں، ایس ایس پی رفعت بخاری کی کامیابی پاکستانی پولیس افسران بالخصوص خواتین افسران کیلئے باعث تقلید ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب رکی زیر نگرانی پنجاب پولیس صوبہ بھر میں خطرناک مجرمان کی سرکوبی کیلئے مصروف عمل ہے اورلاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں سنگین جرائم کے خاتمے کا مشن بلا تعطل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث 4646 گینگز کا خاتمہ کیا گیا، کریمنل گینگز کے 11636 مجرمان گرفتار کئے گئے، مجرمان کے قبضہ سے 07 ارب 61 کروڑ 80 لاکھ روپے کی پراپرٹیز (مال مسروقہ) برآمد کیا گیا، مال مسروقہ میں 1303 گاڑیاں، 19431 موٹر سائیکلیں، 1957 تولے سونا، 7978 موبائل فونز،3241 مال مویشی برآمد کرکے مالکان کے حوالے کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مختلف وارداتوں میں مطلوب مجرمان سے 04 ارب 79 کروڑ روپے سے زائد کیش برآمد کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں ہونے والے کریک ڈاو¿ن بارے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران2628 گینگز کا خاتمہ کرتے ہوئے 6033 ملزمان کوگرفتار کیا گیا، مجرموں کے قبضے سے 04 ارب 31 کروڑ روپے سے زائد پراپرٹیز (مال مسروقہ) برآمد کیا گیا۔