تاجروں کو چھوٹ دینے سے صاف انکار،سب کو ٹیکس دینا ہوگا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر خزانہ اورنگزیب نے تاجروں کو چھوٹ دینے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہاہے سوسائٹی کے ہر شعبے کو ٹیکس دینا ہوگاورنہ ملک ترقی نہیں کرسکتا،آئی ایم ایف کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر اعتراض نہیں، بی آئی ایس پی کے ذریعے مستحق طبقے کو سبسڈی دی جا سکتی ہے۔

اورنگزیب نے کہا رواں ہفتے وزرائے اعلیٰ سے بات چیت ہو گی، ملک بھر میں یکساں پالیسی نافذ کرینگے،وفاقی سیکرٹری خزانہ بھی صوبائی سیکرٹری سے بات چیت کریں گے، رواںماہ صوبوں سے ملکر قومی مالیاتی معاہدہ تیار کیا جائے گا، بیرونی فنانسگ پورا کرنے کیلئے ایڈوانس سطح پر بات چیت ،قرض رول اوور کےلئے بات چیت حتمی مرحلے میں ہے اور مثبت انداز میں چل رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا دوست ممالک کے متعلقہ ادارے جلد اپنی حکومتوں کو آگاہ کریں گے، ایف بی آر کا ٹیکس وصولیوں کا ہدف ڈیجیٹلائزیشن اور انفورسمنٹ سے پورا کریں گے،ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، تاجروں پرعائد ٹیکس واپس لینے کا مطلب ہے ٹیکس تنخواہ دار، مینو فیکچرنگ سیکٹر سے لیا جائے، تاجروں کو ہر سہولت دینے کےساتھ جائز مطالبات مانیں گے لیکن سوسائٹی کے ہر شعبے کو ٹیکس ادا کرنا ہو گاورنہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔