اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر توانائی اویس لغاری نے آئی پی پیز کےساتھ معاہدے ختم کرنے سے صاف انکار کرد یا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اویس لغاری نے آئی پی پیز کےساتھ معاہدوں کو یکطرفہ ختم یا تبدیل نہیں کریں گے البتہ نئی شرائط پر آمادہ کررہے ہےں، باہمی رضامندی سے معاہدوں پر نظرثانی کی جارہی ہے،2ماہ میں قوم اچھی خبر سنے گی، آئی پی پیز معاملے پر بینڈ باجا زیادہ نہیں بجا سکتے، ذمہ دار حکومت ہے اور ذمہ داری سے کام کریں گے۔
وزیر توانائی نے کہا مہنگی بجلی کی وجہ آئی پی پیز پالیسی نہیں ،ملکی معاشی حالات اور روپے کی گراوٹ ہے، بحران کے وقت چینی آئی پی پیز نے ملک میں سرمایہ کاری کی، چینی کمپنیوں کےساتھ معاہدے سے ہٹا نہیں جاسکتا ، بجلی کی قیمت خطے کے ممالک کے مسابق لائیں گے، ملک میں بجلی کی پیداواری قیمت زیادہ نہیں۔
اویس لغاری نے کہابجلی گھروں کا کرایہ فی یونٹ بجلی کو مہنگا بنا رہا ہے، چین کے بجلی کارخانے مقامی کوئلے پر منتقل ہوں گے، قرضوں کی ری پروفائلنگ کی جائے،پاکستان ،چینی سرمایہ کاروں دونوں کو فائدہ پہنچے گا، پنجاب کی طرح دیگر صوبے بھی بجلی بلوں پر رعایت دیں، سماجی تحفظ کےلئے صوبائی حکومتوں کو سامنے آنا چاہئے، پنجاب نے سستی بجلی کےلئے 45 ارب مختص کئے اگر سندھ ایسا کرے تو 10 ارب لگیں گے، بجلی رعایت کےلئے خیبر پختونخوا کو 8 ارب درکار ہیں،نیٹ میٹرنگ صارفین سے معاہدے کی پاسداری کریں گے، حکومت سولرپینلزکی حوصلہ شکنی نہیں کرے گی،وزیر توانائی نے کہا فوج کی جانب سے ادارے کی خود احتسابی بڑا قدم ہے، اعلیٰ عہدیداروں کو بھی سامنے لایا جانا چاہئے، دائرہ کار میں آئے تو بانی پی ٹی آئی پر مقدمہ فوجی عدالت میں چلے گا۔
آئی پی پیز سے معاہدے ختم نہیں کرسکتے،اویس لغاری



















