ایک سال سے 9 مئی ہورہا، اب ملک پر رحم کریں، مینڈیٹ واپس نہ کیا گیا تو عدم اعتماد لائیں گے: علی محمد خان

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما علی خان نے کہا ہے سپریم کورٹ ملک کی سب سے بڑی عدالت ہے اگر اس کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو انارکی ہو گی،پی ٹی آئی رہنما نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا ہو گا، ایک سال سے 9 مئی ہو رہا ہے، اب اس ملک پر رحم کریں، سپریم کورٹ کو خط لکھا جائے 9 مئی کی تحقیقات کی جائے، 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی اور ہمارے لوگ ہوئے تو معافی مانگیں گے، ملک کے نوجوانوں کو انتشاری اور دہشت گرد نہ کہا جائے، پاک فوج کےخلاف، ملک کےخلاف، آئین کےخلاف پراپیگنڈا کا جواب دینے کی ضرورت ہے، چیف جسٹس کے حکم پر انتخابات ہوئے لیکن مکمل عملدرآمد نہیں ہوا، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا، اس پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، ہمیں مینڈیٹ واپس کیا جائے، عدالت میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی، اگر قانون کے مطابق ہمارا مینڈیٹ واپس نہ کیا گیا تو اس اسمبلی میں عدم اعتماد آسکتی ہے،علی محمد خان نے کہا ہم امریکہ کے کہنے پر یا پھر ڈونلڈ لو کے کہنے پر عدم اعتماد نہیں لائیں گے، ملک میں برائے نام جمہوریت ہے، حکومت فارم 47 کی پرچی پر چل رہی ہے۔