اوورسیز پاکستانیز کی خدمات کو تسلیم کرتے ہیں : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن یوکے لاہور چیپٹر کے وفدنے صدر انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن عاشق علی راناکی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اوورسیز ڈیسک، معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کیلئے مفت قانونی مدد، پنجاب کی جامعات میں قانون کے طلبہ کی ٹریننگ کے بارے میں تجاویز سے گاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہیں اوران کے مسائل کے فوری حل کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کودور کرنے کیلئے گورنر ہاﺅس میں اوورسیز ڈیسک کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ گورنرپنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن لاہور چیپٹر کی کاوشوں اور سفارشات کو سراہا۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ یہ امر قابل ستائش ہے کہ مشکل کی ہر گھڑی میں اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے۔ صدر انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن عاشق علی رانا نے گورنر پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے زمینوں کے تنازعات اور ٹیکسیشن کے مسائل حل کرنا ان کی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اربوں ڈالربھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کے تنازعات اور ٹیکسز سے متعلق شکایات اور مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاءکالجز اور یونیورسٹیز میں نوجوان وکلا کی ٹریننگ کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے کیرئیر کا بہترین آغاز کر سکیں۔ وفد نے گورنر پنجاب کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوکے میں ہونیوالی انٹرنیشنل کانفرنس میں بطور چیف گیسٹ شرکت کی دعوت بھی دی۔وفد میں اسحاق بریارجنرل سیکرٹری آئی ایل اے،سینئر نائب صدر ملک جلیل اعوان، شیخ عدیل شاہد،آئی ایل اے فنانس سیکرٹری لاہور عبدالطیف راناآئی ایل اے فنانس سیکرٹری پنجاب، آئی ایل اے پاکستان چیپٹر کے جنرل سیکرٹری زوہیب الرحمن زبیراور دیگر ممبران شامل تھے۔