ڈھاکہ (مشرق نیوز) بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کےخلاف شروع ہونے والے طلبہ کے ملک گیر احتجاج کے بعد جنم لینے والی سول نافرمانی کی تحریک کے نتیجے میں ملک کی سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والی حسینہ واجد مستعفی ہوگئیں،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک بھر کے طلبا نے ڈھاکہ کی جانب مارچ کا اعلان کیا اور ہزاروں طلبا حسینہ واجد کے گھر کے باہر پہنچ گئے ،بڑھتے ہوئے عوامی دباﺅ اور احتجاج کے باعث شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دیدیا اور اپنی بہن شیخ ریحانہ کےساتھ ہیلی کاپٹر میں بھارت فرارہوگئیں،،بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے شیخ حسینہ واجد اپنی بہن کےساتھ نئی دہلی پہنچ گئی ہیں جہاں سےلندن روانگی متوقع ہے،بنگلادیش کی وزیراعظم حسینہ واجد کو مبینہ طور پر فوج کی جانب سے مستعفی ہونے کےلئے 45 منٹ کا وقت دیا گیا تھا،شیخ حسینہ واجد نے محفوظ مقام پر منتقل ہونے سے قبل قوم کے نام تقریر بھی ریکارڈ کرانے کی کوشش کی لیکن انھیں موقع نہیں دیا گیا، ہزاروں کی تعداد میں مشتعل مظاہرین شیخ حسینہ واجد کے سرکاری رہائش گاہ ”گنابھابن“ میں داخل ہوگئے ، تھوڑ پھوڑ کی جبکہ لوٹ مار کی بھی اطلاعات ہیںتاہم شیخ حسینہ واجد اس سے قبل ہی خصوصی طیارے میں بہن کےساتھ بھارت روانہ ہوچکی تھیں،ادھربنگلا دیشی آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے کہا ہے شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دےدیا اور اب ملک میں عبوری حکومت بنائی جائے گی،آرمی چیف نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا ملک میں امن واپس لائیں گے، شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دےدیا ہے اور عبوری حکومت کے قیام کےلئے بات چیت جاری ہے اور اس حوالے سے عوامی لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہوئی ہے، ملک میں کرفیو یا ایمرجنسی کی کوئی ضرورت نہیں، صدر سے جلد ملاقات کرکے عبوری حکومت کے قیام پر بات کروں گااور امید ہے مسائل کا حل تلاش کرلیں گے،جنرل وقار الزماں نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا پرتشدد مظاہروں سے دور رہیں، طلبہ پرامن رہیں اور اپنے گھروں کو واپس جائیں، یقین دلاتا ہوں مظاہروں کے دوران ہوئی ہلاکتوں کی تحقیقات کریں گے،دوسری جانب پرتشدد احتجاج میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 300 سے متجاوز ہو گئی، میڈیا رپورٹس کے مطابق طلبہ کے احتجاج کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 94 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی طور پر حکومت مخالف احتجاج سے اب تک 300 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں،پولیس اور مظاہرین کے درمیان تازہ جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں پولیس نے آنسو گیس اور دیگر ہلکے ہتھیاروں کا استعمال کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
بنگلہ دیش میں انقلاب،حکومت کا دھڑن تختہ، وزیر اعظم حسینہ واجد مستعفی،بھارت فرار،فوج نے اقتدار سنبھال لیا،عبوری حکومت بنانے کا اعلان



















