عراقی شہریوں کیلئے ویزا فری سہولت پر عملدرآمد جلد شروع ہوگا، محسن نقوی
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی متقاضی،عراقی شہریوں کیلئے ویزا فری سہولت پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔
عراقی ریپڈ رسپانس یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد وزارت داخلہ پہنچا ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا،باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی زائرین سے عراق میں پاسپورٹ نہ لینے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا عراق جانے والے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی متقاضی ہے، امید ہے عراقی حکومت جلد حتمی فیصلہ کرے گی، پاکستان نے عراقی بہن بھائیوں کیلئے ویزا فری کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا جس پر جلد عمل شروع ہو جائے گا، عراقی پولیس کی تربیت کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، سیف سٹی پراجیکٹ میں عراق کو ہر سطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔
کمانڈر عراقی ریپڈ رسپانس یونٹ لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل نے کہا پاکستانی زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کے حوالے سے ڈی جی پاسپورٹ سے بات کی جائے گی، امید ہے ایشو حل ہو جائے گا، پاکستان سے آنے والے بہن بھائی ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔



















