حکومتی درخواست مسترد، دھرنا جاری رہے گا،جماعت اسلامی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مذاکرات کاایک اور دور، جماعت اسلامی نے مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے اور دھرنا ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

مذاکرات کے بعد صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا مزدور ،تاجر سب ساتھ کھڑے ہیں، ملک میں دہشتگردی کے واقعات بھی بڑھ گئے،جماعت اسلامی نے قومی ایجنڈے کو ترجیح دی،مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا،واضح طور پر کہا عوام بل ادا نہیں کر سکتے،بجلی ،پٹرول کی قیمتوں کو کم کیا جائے، تنخواہ داروں پر ٹیکسوں کا بےجا بوجھ مسلط کر دیا گیا ،انتظامی اخراجات عوام قبول کرنے کو تیار نہیں۔

رہنما جماعت اسلامی نے کہاآئی پی پیز کی وجہ سے ایکسپورٹر پر بوجھ بڑھا ،تمام مطالبات واضح طور پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے ،پیچھے نہیں ہٹیں گے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے کسی ایک نقطے پر اختلاف نہیں کیا اور یقین دہانی کرائی مثبت پیشرفت کریں گے، عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، کمیٹی کمیٹی کا کھیل نہیں چل سکتا،سنجیدگی نظر نہ آتی تو مذاکرات ختم کر دیتے،آئی پی پیز کے معاملے کا فرانزک آڈٹ کیا جائے، دھرنے کےلئے قوم کی تائید حاصل ہے۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا چاہتے ہیں بجلی، پٹرول اور آٹا سستا ہو،بہتری لا سکے تو ضرور لائیں گے، تنخواہ داروں پر ٹیکس ختم کرانے کی کوشش کریں گے، وسائل میں رہتے ہوئے مسائل حل کرنے کی کوشش ہے،امید ہے جماعت اسلامی سے مذاکرات کے مثبت نتائج آئیں گے، دھرنا مثبت روئیے کےساتھ ختم ہونا چاہئے،طارق فضل چودھری نے کہا وزیراعظم بھی چاہتے ہیں عوام کو ریلیف دیا جائے،بات چیت آگے بڑھے گی، جلد مثبت نتیجے پر پہنچیں گے،وسائل سے بڑھ کرخدمت کریں گے۔