کراچی کیلئے جاری K-4 پراجیکٹ بروقت مکمل کرنے کیلئے تعمیراتی سرگرمیاں تیز کی جائیں :چیئرمین واپڈا

لاہور (خبرنگار) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (کے فور) پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ان سائٹس میں ان ٹیک ورکس، پمپنگ سٹیشنز، پریشر ائیزڈ پائپ لائن، پراجیکٹ آفس، پراجیکٹ کالونی اور رابطہ سڑک شامل ہیں۔جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساو¿تھ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر عامر مغل نے چیئرمین واپڈا کو منصوبے کے مختلف کنٹریکٹس پر پیشرفت، تعمیراتی کاموں کی تکمیل کیلئے ٹائم لائنز اور اہداف کو حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی۔ ٹائم لائنز کے مطابق پراجیکٹ پر مالی پیش رفت اور منصوبے کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پراجیکٹ پر مجموعی پیشرفت 46 فیصد ہے جبکہ پراجیکٹ کی تعمیر پر اب تک 59 ارب50 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی پی سی ون لاگت 126 ارب روپے ہے اور پہلے مرحلے کی تکمیل دسمبر 2025 میں شیڈول ہے ، جو درکار فنڈز کی بروقت فراہمی پر منحصر ہے۔ کراچی کیلئے کے فور پراجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پراجیکٹ کیلئے درکار بجلی کے نظام اورصارفین تک پانی پہنچانے کے لئے درکار ڈسٹری بیوشن سسٹم کی تکمیل کیلئے متعلقہ فریقین سے مسلسل اور مو¿ثر رابطہ قائم رکھیں۔ یہ دونوں کام مکمل کرنے کی ذمہ داری بالترتیب سندھ حکومت اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ہے۔کے فور پراجیکٹ سے کراچی کو کینجھر جھیل سے روزانہ 650 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا۔ واپڈا اس وقت منصوبے کاپہلا مرحلہ تعمیر کر رہا ہے جس سے کراچی کو روزانہ 260 ملین گیلن پانی میسر آئے گا۔ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر کراچی کو مزید 390ملین گیلن روزانہ پانی فراہم کیا جا سکے گا۔