حکومتی اتحادی ہونا مجبوری،پی پی کو چائے کی پیالی اور بسکٹ کے سوا کچھ نہیں ملا :گورنر

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمارے ساتھ دو بار تحریری معاہدہ کیا لیکن دونوں بار اس پر عملدرآمد نہیں ہوا ،پی ڈی ایم کی حکومت کا اٹھارہ ماہ کا دور پیپلزپارٹی کیلئے بہت بھیانک دور تھا، حکومت کا اتحادی ہونا ملک کیلئے ہماری مجبوری ہے، موجودہ حکومت میں پیپلزپارٹی کو چائے کی پیالی اور ایک بسکٹ کے سوا کچھ نہیں ملا، آئی پی پیز قوم پر ظلم ہے اس میں اتنی کرپشن ہے کہ کمپیوٹر کے ڈیجٹ بھی کم پڑ سکتے ہیں ۔ گورنر ہاوس میں صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حکومت سے اتحاد پیپلزپارٹی کی مجبوری ہے ،پیپلزپارٹی پاکستان کی خاطر اپنا سیاسی نقصان اٹھا رہی ہے۔حکومت سے صرف اور صرف ایک چائے کی پیالی اور بسکٹ کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔انہوںنے کہا کہ قوم مہنگائی کے بوجھ سے پس رہی ہے جبکہ آئی پی پیز قوم پر ظلم ہے، بنگلہ دیش اور افغانستان میں بجلی قدرے سستی ہے ،تمام آئی پی پیز کا ضرور آڈٹ ہونا چاہیے۔۔ سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس مسئلے کو اٹھایا۔ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے یہ اپنے ہی جاریکردہ نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ دریں اثناءدریں اثناءگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں چینی قونصل جنرل ژاو شیریں نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے بالخصوص سی پیک میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کے درمیان لازوال دوستی کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کے عوام کے درمیان بھی محبت اور احترام کا رشتہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصاری راہداری کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے تاہم مزید بہتری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چائنہ اقتصاری راہداری منصوبہ پاکستان اور چائنہ دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان چائنہ اقتصاری راہداری منصوبہ پاکستان میں ترقی اور خوشحالی لے کر آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمونسٹ پارٹی چائنہ کی ملک کی بہتری کے لیے اصلاحات اور تیز ترین ترقی قابل تعریف ہے۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل ژاو شیریںنے کہا کہ چائنہ کے تعاون سے صوبہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ چینی قونصل جنرل نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے میگا پراجیکٹ میں متحرک کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس میں عوام کی رسائی قابل تعریف ہے۔