معیشت کی مضبوطی کےلئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کررہے ہیں: عبدالعلیم خان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیں،سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، کراچی سے سکھر موٹر وے اولین ترجیح ہے تا کہ پشاور تک روڈ نیٹ ورک مکمل ہو سکے، تجارت کے فروغ کیلئے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک مکمل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور ملکی معاشی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانس کے سفیر نے وفاقی وزیر سے نیشنل ڈے کے استقبالئے میں شرکت پر اظہار تشکر کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ پرائیوٹائز ہونیوالے سارے اداروں میں منافع کمانے اور بہتر کام کرنے کی صلاحیت ہے، کراچی سے سکھر موٹر وے اولین ترجیح ہے تا کہ پشاور تک روڈ نیٹ ورک مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ تجارت کے فروغ کیلئے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک مکمل کریں گے۔ سفیر نکولس گیلے نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے دو طرفہ تعاون کے اموراور فرانس کی طرف سے پاکستان کیلئے مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ کوششوں کے بارے میں گفتگوکی۔فرانسیسی سفیر نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار اور آئی ٹی میں بھی فرانس کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان میں قیام خوشگوار ہے، یہاں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز پر بھی بات چیت کی گئی۔نکولس گیلے نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے فرانسیسی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت کی دعوت دی جبکہ فرانسیسی سفیر نے وفاقی وزیر کو فرانس کے دورے اور بزنس ایسوسی ایشن سے ملاقات کی دعوت دی۔