اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے میرے خلاف جی ایچ کیو پر احتجاج کیلئے اکسانے کا بیانیہ بنایا گیا ،ڈیجیٹل دہشتگرد کہیں گے تو فوج ،عوام میں خلیج بڑھے گی۔
ٹوئٹر پیغا م میں عمران خان نے کہاپی ٹی آئی کی 3 دہائیوں پر محیط تاریخ میں پرتشدد احتجاج کی کوئی مثال نہیں ملتی،اڑھائی سال کے دوران بدترین ہتھکنڈے استعمال کر کے تشدد پر اکسایا گیا، نومبر 2022 میں مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا ،مرضی کی ایف آئی آر کاٹنے سے بھی انکار کیا گیا، ایک مرتبہ میری پیشی کے موقع پر مجھے قتل کرنے کا باقاعدہ منصوبہ بنا کر سادہ لباس میں لوگوں کو چھوڑا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا9 مئی کو عوام کو انتشار دلانے کےلئے سابق وزیراعظم اور پاکستان کی سب سے بڑی و مقبول سیاسی جماعت کے سربراہ کو جس ہتک آمیز انداز میں اغوا کیا گیا وہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا لیکن کارکنوں کی سیاسی تربیت میں تشدد کا کوئی عنصر شامل نہیں، پی ٹی آئی سیاسی، آئینی و قانونی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔
عمران خان نے کہا9 مئی فالس فلیگ آپریشن تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج چرانے والے حقیقی ذمہ دار ہیں،عقل کا عالم دیکھیں9 مئی کو امریکہ کے کیپیٹل ہل کے احتجاج سے تشبیہ دیتے ہیں حالانکہ وہاں باقاعدہ شفاف تفتیش و سی سی ٹی وی کے باریک بینی سے کیے گئے جائزے کے بعد صرف ملوث افراد کو سزا دی گئی، پوری سیاسی جماعت (ریپبلکن پارٹی) کو کچھ نہیں کہا گیا لیکن ملک میںنہ صرف ثبوت مٹانے کی غرض سے فوٹیج غائب کردی گئی بلکہ پورے پاکستان میں ایکشن لیا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہاپوری پاکستانی قوم کو دہشتگرد کہہ کر عوام کو متنفر کیا جارہا ہے، 90 فیصد آبادی تحریک انصاف کےساتھ کھڑی ہے، ملک، حکومتیں و معاشرے اخلاقیات کی بنیاد پر بنتے ہیں،آئین کی بالادستی اور حقیقی آزادی کا مطالبہ کرنا کوئی غداری نہیں ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اسلام آباد میں جلسے کی قیادت کرنے کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کےخلاف درج مقدمات پر تفصیلی رپورٹ آج طلب کرلی ،جسٹس انوار الحق پنوں نے ریمارکس دئیے کتنے مقدمات درج ہیں، کتنوں میں چالان جمع اور کس مقدمے میں کب نامزد کیا گیا؟ سب ریکارڈ پیش کیا جائے۔
ادھر بشریٰ کی مقدمات کی تفصیلات اور کسی نئے کیس میں گرفتار نہ کرنے کےلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے، نیب اور پولیس کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا اور سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔
میرے خلاف جی ایچ کیو پر احتجاج کیلئے اکسانے کا بیانیہ بنایا گیا ، عمران خان



















