لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب بھی صبر و ایثار اور باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرات، بہادری اور لازوال قربانیوں کو یاد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہدا ئے کربلا نے مظلوم انسانیت کو باطل کے سامنے نہ جھکنے اور ظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیا۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ واقعہ کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے ساتھیوں کے بے مثل عزم، حوصلے اور لافانی شہادتوں سے عبارت ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عاشورہ جہاں ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے وہیں ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کی یاد منانے کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار و قربانی اور یکجہتی کا وہی جذبہ بیدار کریں جس کا عملی مظاہرہ امام حسین علیہ السلام اور ان کے جاں نثار ساتھیوں نے میدانِ کربلا میں کیا تھا۔ دریں اثناءگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بنوں چھاﺅنی پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہو ں نے دہشت گرد حملہ ناکام بنانے والے فوجی اہلکاروں کو سلام پیش کیا۔گورنر پنجاب نے شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے والے فوجی اہلکار ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایام عاشورشہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتے ہیں: گورنر پنجاب



















