جب راستہ تصادم ہے تو سب بے معنی، اپنا اپنا زور لگالیں: رانا ثنا اللہ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے جب راستہ تصادم ہے تو پھر سب بے معنی ہے اور ایسے میں وہ پورا زور لگائیں گے اور ہم بھی اپنا پورا زور لگائیں گے، جب ہمیں جیلوں میں ڈالا جارہا تھا اور ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی تب بھی ہم بیٹھنے کو تیار تھے اور آج بھی تیار ہیں مگر پی ٹی آئی بیٹھنے کو تیار نہیں،وہ اپنے کیسز غلط اور پراسیکیوشن اپنے کیسز کو ٹھیک ثابت کرنے کیلئے زور لگائے،مشیر وزیر اعظم نے کہا مخصوص نشستوں کے فیصلے سے کنفیوژن مزید بڑھ گئی ہے، آئین میں اس حوالے سے پہلے ہی طریقہ طے ہے، آزاد اراکین نے سنی اتحاد کونسل کے حلف نامے دیے تھے، سپریم کورٹ میں سنی اتحاد کونسل گئی پی ٹی آئی نہیں مگر سیٹیں پی ٹی آئی کو ملیں، اب اگلے 29 دن منڈی لگے گی اور اس سے ہارس ٹریڈنگ کا سلسلہ چلے گا، وزیراعظم، الیکشن کمیشن اور ججز سمیت سب نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے، فیصلہ کرنا ہے آئین پر چلنا ہے یا اپنے حلف کی خلاف ورزی کرنی ہے، دونوں چیزیں ساتھ نہیں ہوسکتی،رانا ثناءنے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے استعفے والی بات پر وضاحت کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے ٹیکس کے معاملے پر استعفے کی بات کی تھی اس حوالے سے بعض جگہوں سے دباﺅہے،عمران خان جہاں ہیں انہیں وہیں رکھنا ہی مناسب ہے، انہیں عدالت جانے سے کسی نے نہیں روکا، عمران خان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن پراسیکیوشن کو بھی حق ہے کہ وہ اپنا کیس لڑے۔



















