لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) وفاقی حکومت کی جانب سے آٹے سمیت اشیاءخورد نوش پر ٹیکس کے نفاذ کے بعد مہنگائی کا ایک نیا طوفان کھڑا ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں فلور ملز مالکان نے ہڑتال کر دی ہے جبکہ چینی، گھی، خوردنی آئل اور دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے ۔اس سلسلے میں روزنامہ ”مشرق“ نے شہریوں سے بات کی تو رائیونڈ روڈ کے رہائشی وارث نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کی بجائے عوام کے کچن تک پہنچ گئی ہے، یہ عام آدمی کو پیغام دیا ہے کہ آپ دال روٹی بھی نہیں کھا سکتے۔ علی ٹاﺅن کے رہائشی فرقان اسلم نے کہا کہ آٹا، گھی اور دالوں پر ٹیکس لگانا بہت بڑا ظلم ہے اسلئے عوام کا مطالبہ ہے کہ یہ ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے۔ ٹھوکر نیاز بیگ کے جاوید اقبال نے کہا کہ دال چنا کی قیمت فی کلو 50 روپے اضافہ ہوا ہے، عوام زندہ رہے گی تو ٹیکس دیگی، آٹے پر ٹیکس لگانے کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو سوکھی روٹی بھی کھانے کی اجازت نہیں ہے۔ حکومت اپنے اخراجات ایک فیصد بھی کم کرنے کو تیار نہیں ہے۔ وحدت روڈ کے جمال فاروقی نے کہا کہ اب دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے، عام آدمی کو اگر ریلیف نہ دیا گیا تو حالات کنٹرول سے باہر ہو سکتے ہیں۔
اشیاءخورونوش پر ٹیکس بہت بڑا ظلم،ریلیف نہ ملا تو حالات کنٹرول سے باہر ہوجائیں گے: شہری



















