لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر عشرہ محرم کے دوسرے روز پولیس ٹیموں نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دوسرے محرم کو صوبہ بھر میں 90 عزاداری جلوس برآمد اور 3549 مجالس منعقد ہوئیں، 26 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ صوبائی دارالحکومت میں 2500 افسران و اہلکار محرم سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں جنہوں نے لاہور میں منعقدہ 08 جلوس اور 386 مجالس کے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے خواتین اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر دفعہ 144 پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر، اشتعال انگیزی پر پابندی ہے، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں، سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں پنجاب پولیس سنگین جرائم کے خاتمے اور خطرناک مجرمان کی سرکوبی کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں، رواں سال کی پہلی ششماہی میں پولیس ٹیموں کے جاری کریک ڈاو¿ن کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سال رواں میں جنوری سے جون تک لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث 3176 گینگز کا خاتمہ کیا گیا اور 7934 مجرمان گرفتار کئے گئے، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس کاروائیوں میں مجرمان کے قبضہ سے 05 ارب 33 کروڑ روپے کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا جبکہ مختلف وارداتوں میں مطلوب مجرمان سے 03 ارب 42 کروڑ روپے کیش بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مجرمان کے قبضے سے 947 گاڑیاں، 13835 موٹر سائیکلیں، 1292 تولے سونا بھی برآمد کیا گیا جبکہ 5593 موبائل فونز اور 3233 مال مویشی برآمد کرکے مالکان کے حوالے کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جرائم کی سرکوبی میں بہترین کارکردگی پر پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے منشیات اور منظم جرائم کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے کریک ڈاو¿ن کو مزید تیز کرنے کا حکم دیاہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ کرائم ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے ٹارگٹڈ آپریشنز سے مجرمان کا صفایا کیا جائے۔
طے شدہ روٹس اور مقامات کے سوا کہیں جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں :آئی جی پنجاب



















