سالانہ ترقیاتی پروگرام، ساہیوال ڈویژن میں تعمیر و ترقی کیلئے 58 نئے منصوبے شامل

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) پنجاب حکومت نے مالی سال 25-2024کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ساہیوال ڈویژن میں تعمیر و ترقی کیلئے 58 نئے منصوبے شامل کئے ہیں جن کی کل مالیت 48 ارب 64 کروڑ 30 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ ان منصوبوں کا تعلق سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صحت کی اضافی سہولیات کی فراہمی، کھیلوں کے فروغ کیلئے سٹیڈیمز کی تعمیر و مرمت اور تعلیمی سہولیات میں اضافے سے ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ساہیوال ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے اپنے دفتر میں نئے مالی سال میں شامل کئے گئے منصوبوں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سے جاری 93 ترقیاتی منصوبوں کیلئے بھی حکومت نے اس سال 6 ارب 10 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کردئیے ہیں تاکہ ان پر جاری کام کی رفتار تیز ہو۔ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے مزید بتایا کہ ضلع ساہیوال کے 19 نئے منصوبوں پر 10 ارب 41 کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئیگی۔ اسی طرح ضلع اوکاڑہ کے 26 منصوبوں پر 21 ارب 75 کروڑ 60 لاکھ روپے اورضلع پاک پتن کے 13 پراجیکٹس پر 16 ارب 47 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے نئے شامل ہونے والے منصوبوں کی تفصیل دیتے ہوئے بتایا کہ بین الاضلائی 67 کلومیٹر طویل ساہیوال، بہاولنگر براستہ عارفوالہ دو رویہ سڑک کی تعمیر و مرمت بھی نئے مالی سال کے بجٹ میں شامل کی گئی ہے جس پر 14 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ کی خطیر رقم کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے اسی طرح 11 ارب روپے سے اوکاڑہ دیپالپور روڈ کو بہتر کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 6 ارب 39 کروڑ 50 لاکھ روپے سے قصور ملتان روڈ کی ضلع پاک پتن میں حصے کی مرمت، 3 ارب 39 کروڑ 60 لاکھ روپے سے اوکاڑہ ماڑی پتن روڈ کی مرمت، 2 ارب 20 کروڑ روپے سے اوکاڑہ سید والا برج براستہ ستگرہ روڈ کی مرمت اور 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 40 کلومیٹر طویل ساہیوال گوگیرہ روڈ براستہ نورشاہ کی مرمت بھی کی جائیگی۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں اوکاڑہ شہر کے 13.2کلومیٹر جنوبی بائی پاس (راو سکندر اقبال روڈ)کی مرمت کیلئے بھی 36کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ان تمام نئے منصوبوں کی منظوری محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب دے گا جس کیلئے محکمہ ہائی وے ساہیوال نے ورکنگ پیپرز کی تیاری شروع کردی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے مزید بتایا کہ نئے مالی سال میں محکمہ اریگیشن 20 کروڑ 41 لاکھ روپے سے نہر خانواہ کی ٹیل کی بحالی کا منصوبہ بھی شروع کریگا جس سے سینکڑوں ایکڑ اراضی کو درپیش نہری پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا۔