ڈیجیٹل دہشتگردی ریاستی اداروں کےخلاف سازش،آپریشن عزم استحکام قومی ضرورت ہے، کورکمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)کور کمانڈرز کانفرنس نے دہشتگردی و غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے ،پائیدار استحکام و معاشی خوشحالی کیلئے آپریشن عزم استحکام کو اہم قراردےدیااور تنقید و قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا سیاسی عزائم کی تکمیل کےلئے ڈیجیٹل دہشتگردی ریاستی اداروں کےخلاف سازش ہے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ،امن و استحکام کےلئے شہدا، افواج پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں ،شہریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،آئی ایس پی آر نے کہا اجلاس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ” عزم استحکام” کے مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال اورانسداد دہشتگردی کےلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیاگیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے ملک میں پائیدار استحکام و معاشی خوشحالی کےلئے”عزمِ استحکام آپریشن“ کو دہشتگردی و غیر قانونی سرگرمیوں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کےلئے وقت کا اہم تقاضہ قراردیتے ہوئے چند حلقوں کی جانب سے بلاجواز تنقید و مخصوص مفادات کے حصول کےلئے قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش کیا ،کشمیر و غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم و نسل کشی کی شدید مذمت کی گئی اور مظلوم بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کےلئے عزم کا اعادہ کیا ،شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی اور عوام کے تعاون سے آئینی حدود میں رہتے ہوئے پائیدار حل کےلئے کوشاں ہے،فور م نے سیاسی عزائم کی تکمیل کےلئے جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کو ریاستی اداروں کےخلاف سازش قرار دیا اور کہا ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق ،مایوسی پھیلانا ہے۔

شرکا نے کہاپاک فوج،قوم نہ صرف سازشوں سے آگاہ بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کےلئے پرعزم و متحد ہیں،کانفرنس میںملک میں جاری سماجی و معاشی ترقی کےلئے کی جانے والی کوششوں کےلئے مکمل تعاون کا اعادہ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے ،معاشی ترقی و استحکام کےلئے کی جانےوالی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی گئی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا پاک فوج تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز ناکام بنانے کےلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے،پیشہ وارانہ مہارت ،آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے،درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج ملکی استحکام و خوش حالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔