پاک روس تعلقات پر کوئی اثر انداز نہیں ہوسکتا،شہباز،پیوٹن سے ملاقات،تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

آستانہ، دوشنبے: (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے تجارت ،توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کرلیا،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاک روس تعلقات پر کوئی ملک اثر انداز نہیں ہوسکتا،دونوں ممالک کے تعلقات مثبت سمت گامزن ہیں، مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینا ہو گی۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کےلئے تاجکستان میں موجود وزیر اعظم شہباز شریف نے تاجک شہر آستانہ میں ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی اور دوبارہ روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا آپ کی قیادت میں روس مزید ترقی کرےگا، آپ سے ملاقات کر کے اچھا لگا،پاکستان کے روس کےساتھ باہمی،دیرینہ،کارباری تعلقات ،دونو ں ممالک عرصہ دراز سے دوست ہیں، مستقبل میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہوگا ،آپ کےساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں تاکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

شہبازشریف نے کہاتجربات سے فائدہ اٹھا کرباہمی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں جو اس وقت ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے،میری درخواست پر آپ نے پاکستان کےساتھ توانائی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا ، تیل کی برآمدمزید بڑھائیں گے، کوئی جغرافیائی سیاسی تبدیلی تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتی اور نہ ہی کوئی ملک تعلقات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا پچھلی ملاقات میں بھی میں نے ذکر کیا تھا 60،70 کی دہائی میں بارٹر سسٹم کے تحت تجارت کا آغاز کیا ،سابق سوویت یونین سے مشینری و دیگر مصنوعات درآمد کرتے اور ٹیکسٹائل ،چمڑے کی مصنوعات درآمد کرتے رہے ہیں ، مالیاتی و دیگر بینکاری مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، روس کےساتھ بارٹر سسٹم کے تحت تجارت کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں جو پاکستان کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی اور بہت سے دیگر مسائل پر قابو پا سکتے ہیں،اپنی اور پاکستانی قوم کی طرف سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں روس کےساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے کہا آپ سے دوبارہ مل کر بہت خوشی ہو رہی ہے ، 2سال پہلے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر سمرقند میں ملے ،دو طرفہ امور کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی گئی،پاکستان ،روس کے درمیان بہترین تعلقات ہیں ، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ،توانائی و زراعت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھا سکتے ہیں ، غذائی تحفظ کے شعبے میں بھی پاکستان کےساتھ تعاون بڑھائیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف ،تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار ،برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا،شہبازشریف نے تاجک وزیراعظم کو کراچی بندرگاہ راہداری تجارت کےلئے استعمال کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہاویژن سنٹرل ایشیا پالیسی کے مطابق تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کےساتھ روابط کے مزید فروغ کو جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے تاجک وزیراعظم کو تیسری اعلیٰ سطحی آبی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور آبی سفارت کاری کے شعبے میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا، سٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کو پاکستان ،تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بلندی سے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا،دونوں ممالک کے درمیان ریل ٹریکس ،سڑکوں کی تعمیر سے علاقائی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

شہبازشریف نے کہاپاکستان وسط ایشیائی ممالک کو تجارتی راہداری فراہم کرنے ،علاقائی تجارت کے فروغ کےلئے عنقریب علاقائی کنیکٹیویٹی سمٹ کی میزبانی کرے گا،تاجک ،پاکستانی عوام کے مابین مذہبی و ثقافتی اقدار مشترک ہیں ،سماجی روابط کو مزید توسیع دینا ہوگی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے تاجکستان کی مجلس اولی(تاجک پارلیمنٹ)کی مجلس نمائندگان (ایوان زیریں)کے چیئرمین طائرزاکر زادہ نے ملاقات کی ،دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعاون پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کےلئے پہلے سے قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اور باقاعدہ پارلیمانی تبادلوں کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیاگیا،ملاقات میں وزیر اعظم نے زور دیااراکین پارلیمنٹ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔