لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے کہ گولیوں کی بوچھاڑ کے سامنے سینہ سپر جوانوں کی ہمت اور بہادری ہی محکمہ پولیس کی اصل طاقت ہے، ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ وردی کا حق خون سے ادا کرنے والے جوانوں کی شجاعت اور بہادری کے تہہ دل سے معترف ہیں، غازی جوانوں کی حوصلہ افزائی اور جلد از جلد بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فرض کی راہ میں جان کی بازی لگانے والے تمام جوانوں کے نام سنٹرل پولیس آفس میں غازی وال پر درج کئے گئے ہیں، خصوصی غازی میڈلز سے نوازنے کے ساتھ ساتھ انہیں غازی پیکیج کی مراعات بھی دی جارہی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فرض شناس اور بہادر جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی محکمہ پولیس کی احسن روایت ہے جس کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں غازی افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سجائی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی، پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سن کر مسائل کے فوری ازالے بارے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر ترجیح ہے، تمام سپروائزری افسران ذاتی نگرانی میں کاروائی یقینی بناتے ہوئے بروقت ریلیف فراہم کریں۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام افسران ماتحت افسران کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، انکے مسائل بروقت حل کریں تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی پر مرکوز رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انو رکی زیر ہدایت پنجاب پولیس کے ملازمین اور انکے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں، پولیس ملازمین کو بچوں کی تعلیم، صحت، قانونی و فیملی امور سمیت تمام معاملات میں ریکارڈ ویلفیئر فراہم کی جاری رہی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ رواں سال کے پہلے 06 ماہ میں 01 ارب 38 کروڑ روپے فورس کی ویلفیئر پر خرچ کئے گئے ہیں جس سے ہزاروں ملازمین کے خاندانوں کو ریلیف حاصل ہوا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کی مد میں 50 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی، صحت کے مسائل سے دوچار ملازمین کو میڈیکل گرانٹ کیٹیگری میں 14 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کئے گئے، پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 32 کروڑ 69 لاکھ روپے دئیے گئے، پولیس فورس کو ایمرجنسی امداد کی مد میں ایک کروڑ 23 لاکھ روپے دئیے گئے، تدفین اخراجات کی مد میں فورس کے اہل خانہ کو 3 کروڑ، 79 لاکھ روپے دئیے گئے، پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 15 کروڑ 89 لاکھ 20 ہزار روپے دئیے گئے، گذارا الاو¿نس کی مد میں ملازمین کے اہل خانہ کو 16 کروڑ 98 لاکھ 22 ہزار روپے دئیے گئے، پولیس شہداءکے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ 55 لاکھ روپے دئیے گئے، مقدمات کا سامنا کرنے والے ملازمین کو قانونی معاونت کی مد میں 87 لاکھ روپے دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور محکمے کے ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن سے ملازمین کی مشکلات کا ازالہ کیا گیا، پولیس فورس کی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔
فرض شناس ،بہادر جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی احسن روایت ہے :آئی جی پنجاب



















