بلدیہ عظمیٰ میں چیک اینڈ بیلنس کا فقدان، اہم سیٹوں پر غیرمتعلقہ افسران کی پوسٹنگ سے سسٹم تباہ
لاہور ( نوید چودھری) چیک اینڈ بیلنس کا مناسب بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے بلدیہ عظمیٰ لاہور کا انتظامی نظام مسائل کا شکار ہو کر رہ گیا۔ انتہائی اہم سیٹوں پر غیر متعلقہ افسران کی پوسٹنگ ہونے سے پورا سسٹم ہی تباہی کے دہانے کے پر پہنچ گیا ہے۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے گریڈ 14 کے ریسرچ اسسٹنٹ امیر علی خصوصی نوازشات کے تحت بیک وقت دو اہم عہدوں پر کام کر رہے ہیں جس میں ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن اور دوسراپروٹوکول افسر تو کمشنر لاہور ڈویژن شامل ہیں۔واضح رہے اس سے قبل سابق کمشنر لاہور ڈویژن علی رندھاوا نے انکی خدمات سے بیزاری ظاہر کرنے کے بعد انکو مبینہ طور پر انکے اپنے محکمے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں واپس بھجوانے کا حکم جاری کیا تھا جس پر آج تک عملدرآمد نہ ہوسکا۔ اسی طرح متنازعہ گریڈ 17 کے حامل افسر ذوالفقار سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کا کام لیا جارہا ہے حالانکہ انکے پاس نہ تو قانون کی ڈگری ہے اور نہ ہی قانونی معاملات کی خاص سمجھ بوجھ، سول ڈیفنس سے آئے ملک صداقت علامہ اقبال زون میں ایک عرصہ سے زونل افسر تعینات ہیں اور گریڈ 19 کے سابق پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید الزماں جو اس سے قبل ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس بھی رہ چکے ہیں، ان سے متعلقہ شعبوں میں کام لینے کے بجائے ڈسٹرکٹ آفیسر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے عہدے کا کام لیکر انکی قابلیت سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا جبکہ گریڈ 17کے سٹیٹ مینجمنٹ آفیسر کاشف بشیر سے انکے اپنے عہدے کا کام لینے کے بجائے سپرنٹنڈنٹ شہری سہولیات کا کام لیا جا رہا ہے۔ اسی طرح گریڈ 17 کے سپرنٹنڈنٹ راﺅ نیامت سٹیٹ مینجمنٹ آفیسر تعینات ہیں، اسسٹنٹ فائر آفیسر عمران رامے جنرل منیجر آپریشن لاہور پارکنگ کمپنی میں ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ مذکورہ اہلکاران سے اگر ان کے متعلقہ عہدوں پر کام لیا جائے تو کارکردگی کا گراف بڑھ سکتا ہے۔



















