قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی پر ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی رپورٹ جمع

لاہور (مشرق نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی پر ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کروادی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گیری کرسٹن نے رپورٹ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوالات اٹھادیے، ہیڈ کوچ نے کئی کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب بھی قرار دیا۔ یاد رہے کہ سینئر منیجر وہاب ریاض پہلے ہی اپنی رپورٹ جمع کراچکے ہیں، بورڈ حکام کی جانب سے رپورٹس کی روشنی میں اگلا لائحہ عمل طے کیاجائےگا۔ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کو ناتجربہ کار امریکہ کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی تھی اور پھر بھارت کے خلاف 120 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی تھی۔ مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم امریکہ کی شکست پر انحصار کرنے لگی لیکن آئرلینڈ اور امریکہ کے میچ کے دوران بارش نے پاکستانی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور ان کا ورلڈکپ کا سفر پہلے ہی مرحلے میں اختتام پذیر ہوگیا تھا۔ سپرایٹ مرحلے میں نہ پہنچنے کے بعد یہ بحث چل پڑی تھی کہ آیا پاکستان ورلڈکپ 2026 میں براہ راست پہنچے گا، یا پھر اس کے کوالیفائنگ راونڈ کھیلنا پڑے گا۔