حکومت دکانوں کی چابیاں لیکر اپنے پاس رکھ لے: تاجر برادری

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت تمام تاجر تنظیموں نے بجلی، گیس، ایل پی جی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام اشیاءسے بیجا ٹیکس ختم کرکے عام آدمی کو ریلیف دیا جائے۔ اس سلسلے میں انجمن تاجران قائد اعظم گروپ نے پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی کی جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ نے بھی اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا۔ روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تاجر رہنما وقار احمد میاں، میاں سلیم اور ملک امانت نے کہا کہ مہنگائی اور بھاری بھر کم بلوں سے جہاں عام آدمی کی قوت خرید ختم ہوچکی وہیں تاجروں کی بھی ”بس“ ہوگئی ہے۔ حکومت مہربانی فرما کر دکانوں کی چابیاں ہم سے لیکر اپنے پاس رکھ لے۔ گلبرگ کے تاجر رہنماوں عمر قریشی، لالہ سیف تمیمی، وقار احمد نانی نے کہا کہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ عید پر بھی سیل نہیں ہوئی، ساری قوم بجلی، گیس کے بلوں سے خوفزدہ ہے جبکہ ایل پی جی مافیا نے نے الگ سے عوام کو تنگ کیا ہوا ہے، اوپر سے اشیاءخورنوش پر بھی سیلز ٹیکس لگا دیا گیا ہے جو بہت بڑا ظلم ہے۔