لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انکی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ملازمین کو درپیش مسائل کابروقت ازالہ اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انکے ذاتی و محکمانہ امور سے متعلقہ مسائل کے ازالے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ملازمین سے ملاقات کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءآئی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لیہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ سے 02 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او لیہ کو ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے، ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزم قیصر حسین نے چاہ یٰسین والا میں فائرنگ کرکے نیاز اور صفدر کو ہلاک کیا۔
پولیس ملازمین کو درپیش مسائل کابروقت ازالہ اوّلین ترجیح ہے:آئی جی پنجاب



















